پی ٹی آئی کے پارلیمنٹیرینز، رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریاں قابلِ مذمت ہیں، علی ظفر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں، ارکان پارلیمنٹ اور کارکنوں کی ملک بھر میں گرفتاریوں پر پی ٹی آئی رہنما اور سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں علی ظفر نے کہا کہ لاہور سے شایان بشیر اور اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی میاں غوث سمیت پی ٹی آئی کے پارلیمنٹیرینز، کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریاں انتہائی قابل مذمت ہیں۔
علی ظفر نے دعویٰ کیا کہ یہ گرفتاریاں 27 ستمبر کے پُرامن احتجاج کے خوف کے باعث کی جا رہی ہیں، جس سے سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج کو روکنے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال ملک کے لیے نقصان دہ ہے، عوام کی آواز دبانے کی کوششوں کے بجائے سیاسی معاملات کو آئینی اور جمہوری طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب احتجاج اور مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
