عمران خان کا صحت کارڈ غریب مریضوں کیلئے صبر کارڈ بن چکا ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور (قدرت روزنامہ)عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان کا صحت کارڈ غریب مریضوں کیلئے صبر کارڈ بن چکا ہے . مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں مفت ٹیسٹ کی سہولت بند ہونے پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ جناح اسپتال، سروسز اسپتال اور جنرل اسپتال میں مفت ٹیسٹوں کی سہولت بند کردی گئی ہے .


انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال اور میو اسپتال میں ایم آر آئی،سی ٹی اسکین سمیت متعدد مشینیں عرصہ دراز سے خراب پڑی ہیں ، سرکاری اسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ بھی ایک عرصے سے بند ہو چکا ہے . عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات میسر نہیں تو عوام نے صحت کارڈ کا اچار ڈالنا ہے، عمران خان کا صحت کارڈ غریب مریضوں کےلئے صبر کارڈ بن چکا ہے ، عمران خان کی حکومت اب کارڈ حکومت بن چکی ہے .
مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے والے اب راشن کارڈ تک آگئے ہیں ، قومی لیڈر ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں ، عمران خان نے پوری زندگی چندہ،زکوة اور خیرات پر گزاری ہے . انہوں نے کہا کہ عوام ایسے وزیراعظم سے روزگار کی توقع کیسے رکھ سکتے ہیں؟

. .

متعلقہ خبریں