پیپلزپارٹی صرف لانگ مارچ کی وجہ سے خیبرپختونخواہ میں گورنرراج یا ایمرجنسی کو سپورٹ نہیں کرے گی، ناصر حسین شاہ


کراچی (قدرت روزنامہ)وزیربلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی صرف لانگ مارچ کی وجہ سے خیبرپختونخواہ میں گورنرراج یا ایمرجنسی کو سپورٹ نہیں کرے گی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسی کوئی بات سامنے آرہی ہے کہ خیبرپختونخواہ حکومت اپنا کام باقاعدگی سے نہیں کر رہی، اگر ایسی کوئی چیز سامنے آتی ہے تو گورنر راج یا ایمرجنسی کے بارے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ لیکن صرف لانگ مارچ کی وجہ سے پیپلزپارٹی گورنر راج یا ایمر جنسی کو سپورٹ نہیں کرے گی۔ اسی طرح وزیر قانون و انصاف اعظم نزیر تارڑ کا کہنا ہے کہ اگر بلوچستان حکومت وفاق پر چڑھائی کا پلان بنائے گی تو یہی صورتحال ہوگی۔
انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال ’بلوچستان میں بھی گورنر راج لگایا جائے گا؟ ‘ کے جواب میں کہا کہ بلوچستان حکومت، حکومتی مشینری آرگنائز کر کے وفاق پر چڑھائی نہیں کر رہی۔
اگر بلوچستان حکومت تعاون کرنے سے انکار کرے گی،سیکیورٹی فورسز کو سپورٹ دینا بند کر دے اور وفاق پر چڑھائی کا پلان بنائے گی تو یہ ہی صورتحال ہوگی۔ اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی حلیف جماعت ہے اور اسے اعتماد میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج کے اجلاس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
وزیر قانون نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی سے متعلق ان کا مؤقف وہی ہے جو پہلے تھا۔ ان کے مطابق اس معاملے پر حتمی فیصلہ صدر مملکت اور وزیراعظم کریں گے، جبکہ اس کے لیے تمام آئینی اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے گا۔اعظم نذیر تارڑ نے بانی پی ٹی آئی سمیت کسی بھی شخص کی رہائی کے معاملے پر کہا کہ رہائی کا حکم حکومت نے نہیں بلکہ عدالت نے دینا ہے۔ رہائی کی اپیلوں پر فریقین عدالت کے سامنے اپنا اپنا مؤقف پیش کریں گے۔

WhatsApp
Get Alert