بھتہ نہ دینے پر مشینری جلانے کے واقعات اور ایک ضلع سے دوسرے ضلع سفر ناممکن، متاثرین کی داد رسی غائب: بلوچستان سے عوام کی بے دخلی کا سلسلہ شروع ہو چکا، بارڈرز کی بندش نے نوجوانوں کو دیوار سے لگا دیا: مولانا واسع و زمرک اچکزئی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے امیرو سینیٹر مولانا عبدالواسع، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماو صوبائی وزیر ایری گیشن میر صادق عمرانی ، مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، اے این پی کے رکن بلوچستان اسمبلی انجینئرزمرک خان اچکزئی،مسلم لیگ(ن) کے رکن بلوچستان اسمبلی زرک خان مندوخیل ،اے این پی کے رہنما ملک امان اللہ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی معدنیات سے مالا مال ہونے کے باوجود پسماندگی اور غربت کا شکار ہے ، صوبے کے وسائل کو بروئے کار لا کر بلوچستان سمیت ملک کی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے،صوبے میں امن و امان کی صورتحال اس قدر خراب ہیں کہ ایک ضلع سے دوسرے ضلع تک سفر کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے، کنٹریکٹرز کی مشینری جلائی جا رہی ہے اور متاثرین کی داد رسی کا موثر نظام نظر نہیں آتا،آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور تعمیر میںاپنا کرداراادا کریں۔ یہ بات انہوںنے کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی ، ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر میر عبدالسلام لانگو ، چیئرمین ملک عبدالغفار مندوخیل ، جنرل سیکرٹری ملک مجیب اللہ مہترزئی ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری صلاح الدین کبزئی،وائس چیئرمین میر شکیل لہڑی،نوابزادہ دارا خان جوگیزئی ، حاجی قدیر قریشی ، عیسیٰ روشان ، شاہ باران کاکڑ، سردارزادہ مقبول احمد لانگو اوردیگر نے بھی خطاب کیا تقریب میں بلوچستان بھر سے آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور ٹھیکیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اصولوں کی جماعت ہے، ٹھیکیداروں اور کنٹریکٹرز کے مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے حکومت نے نظریاتی جماعتوں اور مختلف ایسوسی ایشنز پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں ایسی صورتحال میں سیاسی و سماجی شعور رکھنے والے افراد کیسے سامنے آئیں گے۔مولانا عبد الواسع نے کہا کہ کچھ عناصر سیاسی جماعتوں کو عوام کی رہنمائی کا موقع نہیں دینا چاہتے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑی رہے گیآل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔مولانا عبد الواسع نے کہا کہ بلوچستان میں عوام کے تحفظ کے لیے کوئی مؤثر نظام نظر نہیں آتا، ہمیں اپنے تحفظ کے لیے خود بھی اقدامات کرنا ہوں گے بلوچستان سے عوام کو اپنے آبائی علاقوں سے بے دخل کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، باغات کاٹے جا رہے ہیں ایسے اقدامات سے حالات بہتر نہیں ہوں گے۔انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کے موجودہ حالات اور عوام کو درپیش مسائل کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے، بصورت دیگر صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سینئر صوبائی وزیر ایری گیشن میر صاد ق عمرانی نے تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں جو انتہائی تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروںاوردیگرافراد سے رات کے وقت فون کرکے بھتہ طلب کیا جاتا ہے بھتہ نہ دینے کی صورت میں کنٹریکٹرز کی مشینری کو نذرِ آتش کیا جاتا ہے جس سے کاروباری طبقہ اور ترقیاتی کام متاثر ہو رہے ہیں۔ میر صادق عمرانی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان تعاون ضروری ہے دہشت گردی کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری اور بنیادی فرض ہے، عوام ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی جانب سے آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے جو مطالبات پیش کئے ہیں وہ تحریری طور پر ہمیں دیں قومی اسمبلی میں بھی آواز اٹھائیں گے اوراسلا م آباد میں وفاقی وزراء سے ملاقات کرکے ٹھیکیداروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنا کردارادا کریںگی۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ اس وقت ملک میں مظلوم طبقہ سیاستدان ہیں جس کے پاس کوئی اختیارات نہیں ہیں عوامی نمائندے ہونے کی وجہ سے ہر کوئی ان پر تنقید کرتا ہے ۔عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقریب میں شرکت کی دعوت دینے پر ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداران کا شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک جمہوری ملک میں رہتے ہیں جہاں 24 کروڑ عوام ہیں اور ہر شخص کا کسی نہ کسی سیاسی جماعت سے تعلق ہو سکتا ہے ہم سب چاہتے ہیں کہ عوام اور بلوچستان کے مسائل حل ہوں، تاہم اس وقت حالات سازگار نہیں اور ہر سیاسی جماعت کا اپنا منشور ہے۔انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ کنٹریکٹرز صرف اپنے کاروبار اور کمائی تک محدود نہ رہیں بلکہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی اپنا کردار ادا کریں ترقیاتی منصوبوں میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے کیونکہ میرٹ کے بغیر کوئی بھی کام پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ کنٹریکٹرز کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں کیونکہ جب تک ان کے مسائل حل نہیں ہوں گے، ترقیاتی کام بھی مؤثر انداز میں آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔انجینئر زمرک اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالامال صوبہ ہے اور قدرتی وسائل کے اعتبار سے خطے میں بڑی اہمیت رکھتا ہے صوبے کے وسائل کو بروئے کار لا کر بلوچستان سمیت ملک کی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالات اس قدر خراب ہیں کہ ایک ضلع سے دوسرے ضلع تک سفر کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے کنٹریکٹرز کی مشینری جلائی جا رہی ہے اور متاثرین کی داد رسی کا مؤثر نظام نظر نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ تمام بارڈرز کی بندش اور روزگار کے محدود مواقع نے عوام، بالخصوص نوجوانوں کے مسائل میں اضافہ کیا ہے روزگار کے مواقع نہ ہونے کے باعث نوجوان نامساعد حالات میں مختلف راستے اختیار کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان میں امن، روزگار، میرٹ اور ترقیاتی عمل کے لیے حکومت، سیاسی جماعتوں، کاروباری طبقے اور عوام کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل نے آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروںکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکے دروازے ٹھیکیدار برادری اور عوام کیلئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میرا اپنا تعلق بھی ایسے خاندان سے ہے جو ٹھیکیداری سے وابستہ ہے میں ٹھیکیداروںکے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں اورانکے حل کیلئے اپنا کردارادا کرتا رہوں گا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ملک امان خان کاکڑ نے آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی ٹھیکیداروں کو ہرقسم کے تعاون کا یقین دلاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کو بھی چاہئے کہ وہ میرٹ پرکام لیںرشوت اور کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

WhatsApp
Get Alert