9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو بڑا ریلیف مل گیا

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ سے متعلق مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان، عظمیٰ خان اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے پراسیکیوشن سے متعلقہ مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا اور آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء کو ضمانت کی درخواستوں پر دلائل دینے کے لیے طلب کرلیا۔
عدالت نے علیمہ خان، عظمیٰ خان اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 6 نومبر تک ملتوی کردی۔
سماعت کے دوران سابق وفاقی وزراء اسد عمر اور فواد چوہدری، مسرت جمشید چیمہ سمیت دیگر ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے اعظم خان سواتی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی منظور کرلی۔
پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمات کا ریکارڈ پیش کیے جانے کے بعد آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء ضمانت کی درخواستوں پر اپنے دلائل دیں گے، جس کے بعد عدالت کی جانب سے مقدمات میں مزید کارروائی آگے بڑھائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو ہونے والے پرتشدد احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات سے متعلق لاہور میں متعدد مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ان مقدمات میں جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور مسلم لیگ ن کے دفتر کو جلانے سمیت دیگر واقعات کے الزامات شامل ہیں۔
9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف انسداد دہشت گردی سمیت مختلف دفعات کے تحت کارروائی جاری ہے، جبکہ متعدد ملزمان کی جانب سے عدالتوں میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔
