محمود اچکزئی نے حکومت سے مذاکرات کی اہم شرط بتادی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی نے اپوزیشن کو مذاکرات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی نے اخونزادہ حسین کے ذریعے اپوزیشن رہنماؤں کو پیغام بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر حکومت رابطہ کرے تو مثبت جواب دیا جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کے رابطے پر پہلی شرط بانی سے ملاقات ہونی چاہیے۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ بہنوں کی رہائی سے حکومت مثبت پیش رفت کا آغاز کرسکتی ہے، بانی سے ملاقات نہیں ہوتی تو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بے معنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات نہ ہوئی تو وزیراعظم سے ملاقات سے انکار کا سوچا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو ایک بار پھر مذاکرات کی مگر مشروط پیشکش کر دی ہے۔
اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی مشروط پیشکش کر دی ہے۔
وزیراعظم نے اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پھر کہتا ہوں ہوش کے ناخن لیں۔ اگر آپ لانگ مارچ ختم کریں گے تو آپ سے بات کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا لانگ مارچ کا نشانہ معیشت ہوگا۔ پاکستان کی معیشت بڑی محنت سے دوبارہ کھڑی کی ہے۔ ہم معیشت اور عوام کا نقصان نہیں ہونے دیں گے۔
