پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے بننے والے شناختی کارڈ کی وصولی، نادرا کی اہم وضاحت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے بننے والے شناختی کارڈ کی وصولی کے حوالے سے وضاحتی جاری کر دی۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان میں شہریوں سے کہا گیا کہ اگر وہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ کیلیے درخواست دے رہے ہیں تو کارڈ کی وصولی کیلیے اپنی سہولت کے مطابق مقام منتخب کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ آپ شناختی کارڈ کی ڈیلیوری کیلیے اپنا عارضی یا مستقل پتہ منتخب کر سکتے ہیں یا کسی نادرا رجسٹریشن سینٹر سے کارڈ وصول کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں، کارڈ اسی مقام پر فراہم کیا جائے گا جو درخواست کے دوران منتخب کیا گیا ہو۔
نادرا کے مطابق شناختی کارڈ کی بروقت اور درست ترسیل کیلیے اپنا مکمل اور درست پتہ، بشمول مکان نمبر، گلی نمبر، سیکٹر اور دیگر ضروری تفصیلات، ضرور درج کریں، نامکمل یا غلط پتے کی صورت میں کارڈ کی ترسیل میں دشواری ہو سکتی ہے۔
