سعودی وزارت داخلہ کا مملکت کے شہریوں اور غیرملکیوں کیلئے ہنگامی انتباہ جاری


ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی وزارت داخلہ نے مملکت کے شہریوں اور غیرملکیوں کیلئے ہنگامی انتباہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت فضا میں ڈرونز اور میزائلوں کو تباہ کرنے کے مناظر کی ویڈیوز، تصاویر بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر سخت پابندی عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ دفاعی کارروائیوں کی تشہیر کو قومی سلامتی کیخلاف عمل تصور کیا جائےگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے عائد پابندی کا دائرہ کار سعودی شہریوں کے ساتھ ساتھ مملکت میں مقیم تمام غیر ملکیوں پر بھی یکساں لاگو ہوگا۔ سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق دفاعی کارروائیوں اور فوجی مناظر کی فلم بندی یا تشہیر کو قومی سلامتی کے خلاف عمل اور مملکت کیلئے خطرہ تصور کیا جائے گا۔
سعودی وزارت داخلہ نے ہنگامی انتباہ جاری کیا کہ مملکت کی جانب سے جاری حکم کی خلاف ورزی کرنے پر فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ تینوں ممالک نے سعودی عرب کی سلامتی کے پیش نظر اجتماعی دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جس کے تحت مکہ دفاعی اتحاد کے اجلاس میں سعودی عرب کی سلامتی کے پیش فوجی قوت اور دفاعی صلاحیتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اجلاس میں سعودیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے مشترکہ اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
مکہ دفاعی اتحاد کی سیاسی و دفاعی کمیٹی کا الریاض میں ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس سے متعلق دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے کمیٹی کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اجلاس میں قومی قانون سازی کے مطابق سعودی عرب کو متفقہ فوجی دستے اور صلاحیتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسی طرح ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پیر کو ریاض میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم تزویراتی سیاسی و دفاعی کمیٹی (S-PDC) کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس نے لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود (ر) ہلالِ امتیاز (ملٹری) کی مکہ الائنس فار ڈیفنس کے پہلے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے نامزدگی کی توثیق کی ۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور برادر ملک سعودی عرب کے خلاف جاری حملوں کی بھی شدید مذمت کی گئی۔تینوں ممالک نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران پاکستان نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔پاکستان نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

WhatsApp
Get Alert