پاکستان کا مقامی سطح پر تیار کردہ جدید ترین فتح -4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کردہ جدید ترین فتح -4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے، یہ جدید ترین کروز میزائل ایویونکس اور نیویگیشنل آلات سے لیس ہے، یہ ہتھیاروں کا نظام تباہ کن صلاحیت کے ساتھ طویل فاصلے پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کروز میزائل کے تجربے کے دوران بہتر درستگی اور بقا کی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے شامل مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیرامیٹرز کی بھی توثیق کی گئی۔ اس تجربے کا مشاہدہ پاکستان آرمی کے اعلیٰ افسران اور میزائل تیار کرنے والے ادارے کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا۔
مزید برآں صدرِ مملکت، وزیراعظمِ، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے جدید ترین فتح-4 کے توسیعی ورژن کے کامیاب تجربے پر مسرت کا اظہار کیا اور اس سنگِ میل کے حصول میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کی تعریف کی۔
جدید ایویونکس اور جدید ترین نیویگیشنل آلات سے لیس، یہ ہتھیار طویل فاصلے پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی سے تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
