امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹربینک فارن ایکسچینج مارکیٹ میں بدھ کے روز بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قیمت میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی جس کے بعد روپیا 0.01 فیصد کی قدرے تقویت کے ساتھ بند ہوا۔
مقامی کرنسی میں 3 پیسے اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 277.05 روپے سے کم ہو کر 277.02 روپے پر بند ہوا جبکہ گزشتہ روز (منگل کو) روپیہ 277.05 پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث امریکی ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر استحکام دیکھا گیا جبکہ سرمایہ کار فیڈرل ریزرو کے اجلاس کے منٹس اور پالیسی سازوں کے بیانات کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں سود کی شرح کے حوالے سے اشارے مل سکیں۔
6 اہم عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر بتانے والا ‘ڈالر انڈیکس’ 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 102.13 پر پہنچ گیا۔ یورپ کی اہم کرنسی یورو 0.4 فیصد کمی کے ساتھ 1.1216 ڈالر، برطانوی پاؤنڈ 0.21 فیصد کمی کے ساتھ 1.3248 ڈالر جبکہ جاپانی ین 0.13 فیصد کمزور ہو کر 158.31 فی ڈالر پر آگیا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں
بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
برینٹ کروڈ 81 سینٹس (0.8 فیصد) اضافے کے ساتھ 101.39 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
امریکی ڈبلیو ٹی آئی 61 سینٹس (0.7 فیصد) اضافے کے ساتھ 90.05 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔

WhatsApp
Get Alert