اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کی بھی آمد

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسلام آباد میں امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سردار ایاز صادق نے مولانا فضل الرحمان کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ان کے دیرینہ اور قریبی تعلقات ہیں، جو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ان کے بھائی ہیں اور ان کے درمیان باہمی احترام، خلوص اور بھائی چارے کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطہ اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ جب نیت درست اور مقصد پاکستان کی بہتری ہو تو اللہ تعالیٰ راستے پیدا فرماتے ہیں۔ گزشتہ دو تین برسوں کے دوران بھی اللہ تعالیٰ نے پاکستان کے لیے بہتری کے راستے پیدا فرمائے ہیں اور ان شاء اللہ آئندہ بھی ملک کی بہتری اور استحکام کے لیے راستے ہموار ہوں گے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ارکان کے ساتھ بھی ان کی بات چیت اور مشاورت ہوتی رہتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کے لیے وہی فیصلہ فرمائے جو ملک اور قوم کے بہترین مفاد میں ہوں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے بعد حکومت کی اپوزیشن سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کے 2 ارکان بھی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے، جن میں رانا ثنااللہ اور طارق فضل چوہدری شامل ہیں۔
حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے دوران مذاکرات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
