پی ٹی آئی انتشاری سیاست ترک کرے، ملک مزید اس کا متحمل نہیں ہو سکتا، پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو بار بار کہتے رہے کہ تشدد کی سیاست ترک کریں، ملک انتشاری سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
پشاور میں ارباب زرک اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احمد کریم کنڈی نے کہاکہ ہم نے پارلیمانی کے اندر اور باہر ہمیشہ سیاسی کردار ادا کیا۔
احمد کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو انسداد دہشتگردی کے لیے 130 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں، لیکن اس کے باوجود دہشتگردی عروج پر ہے۔
انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی پر تنقید کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔
پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں 13 سال سے تحریک انصاف کی حکومت ہے، تحریک انصاف بتائے کہ انہوں نے 13 سال میں صوبے کے لیے کیا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ سے انتشار کی سیاست کرتی رہی ہے۔
احمد کریم کنڈی نے کہاکہ ان لوگوں نے زندگی میں کبھی آئین نہیں پڑھا، آئین کو پڑھیں اور اس کے تحت اپنی ذمہ داری پوری کریں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں اور قیادت ٹرک پر سوار ہے۔
