’انہیں گرفتار کریں صرف ہوٹل سیل کرنے سے کیا فائدہ؟‘، ہنزہ میں ڈانس پارٹی پر عوام کا شدید ردعمل

ہنزہ (قدرت روزنامہ)پاکستان کے خوبصورت سیاحتی مقام ہنزہ میں منعقد ہونے والی ایک ڈانس پارٹی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ گیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو ایک ریزورٹ میں پارٹی کرتے، رقص کرتے اور محظوظ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر زینب راجا کی بھی پارٹی میں شرکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

بعض سوشل میڈیا صارفین نے پارٹی میں مبینہ طور پر منشیات کے استعمال کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔ ویڈیوز سامنے آنے کے بعد صارفین نے ہنزہ جیسے سیاحتی اور ثقافتی مقام پر اس نوعیت کی سرگرمی کے انعقاد پر ناراضی کا اظہار کیا۔ کئی صارفین نے متعلقہ ریزورٹ اور پارٹی کے شرکا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد حکام نے متعلقہ ریزورٹ کو سیل کر دیا ہے تاہم سوشل میڈیا پر عوامی ردعمل تاحال جاری ہے۔

ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’’کم از کم ہنزہ کو تو بخش دیں۔‘‘ ایک اور صارف نے کہا ’’یہ سب اپنے شہر تک ہی محدود رکھیں۔‘‘ جبکہ ایک صارف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’’ہنزہ میں ایسا ہوتا دیکھ کر مایوسی ہوئی۔‘‘

سوشل میڈیا صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ ہنزہ کے قدرتی حسن، ثقافت اور پُرسکون ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے ایسی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں جبکہ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو گرفتار کریں صرف ہوٹل سیل کرنے سے کای ہو گا؟

WhatsApp
Get Alert