دکی: کوئلے کی بند کان میں زہریلی گیس بھرنے سے دو سگے بھائی دم گھٹنے سے جاں بحق، لاشیں برآمد
ملاخیل قبیلے کے نوجوان محمد حسن اور محمد ہاشم مبینہ طور پر گھر سے ناراض ہو کر نکلے تھے، پولیس نے لاشیں ورثا کے حوالے کر کے تفتیش شروع کر دی

دکی، کوئلے کی بند کان سے دو بھائیوں کی لاشیں برآمد، زہریلی گیس بھرنے سے جاں بحق ہونے کی تصدیق
دکی(ڈیلی قدرت کوئٹہ)دکی کے علاقے میں کوئلے کی ایک بند کان سے دو سگے بھائیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن کے بارے میں پولیس اور ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ کان میں زہریلی گیس بھر جانے کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں بھائیوں کی شناخت محمد حسن اور محمد ہاشم پسران میرزا خان قوم ملاخیل سکنہ کلی ملا عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں بھائی مبینہ طور پر گھر سے ناراض ہو کر نکلے تھے اور بعد میں ان کی لاشیں کوئلے کی ایک بند کان سے ملی ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشیں اپنی تحویل میں لے لیں اور ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں، جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
