دانشور ڈاکٹر عبدالحکیم لہڑی کی میت پر دہشت گرد تنظیم کا پرچم لپیٹنا افسوسناک، جنازے اور فاتحہ خوانی میں شرکت نہیں کروں گا: سردار عبدالرحمن کھیتران
دہشت گرد بلوچ عوام کے بدترین دشمن ہیں، پل تباہ کرکے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر صوبے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان اسمبلی کے جاری اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران نے بلوچستان کے بزرگ سیاست دان اور دانشور ڈاکٹر عبدالحکیم لہڑی کی میت کو ایک دہشت گرد تنظیم کے پرچم میں لپیٹنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر حکیم لہڑی ایک دانشور اور اپنی ذات میں ایک ادارے کی حیثیت رکھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر حیرت ہوئی کہ ڈاکٹر حکیم لہڑی کی وفات کے بعد ان کی میت کو ایک دہشت گرد تنظیم کے پرچم میں لپیٹا گیا۔ سردار عبدالرحمن کھیتران نے واضح کیا کہ اس عمل کے باعث انھوں نیجنازے میں شرکت نہیں کی اور نہ ہی فاتحہ خوانی کے لیے جائیں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بلوچ عوام کے بھی دشمن ہیں۔ پلوں کو دھماکوں سے اڑانے جیسے واقعات سے کسی اور کو نہیں بلکہ خود بلوچستان کے عوام کو نقصان پہنچتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بلوچ افسران اور نہتے شہریوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں، جس سے صوبے کے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
