کوئٹہ میں دندناتے مسلح جتھوں کو حکومتی سرپرستی حاصل، ایگل اسکواڈ اور ناکوں پر شہریوں کی تذلیل و رشوت ستانی ناقابل قبول ہے: جے یو آئی

دہشت گردی کے نام پر اغبرگ، پنجپائی اور ہنہ کے شہریوں کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے، گیس بندش نے شہریوں کو عذاب میں ڈال دیا


حکومتی غفلت نے شہریوں کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، سرپرستوں کو بھی کٹہرے میں لایا جائے: ضلعی امن ریلی سے خطاب
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے زیرِ اہتمام ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق کی قیادت میں شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، قتل و غارت گری، ٹارگٹ کلنگ، چوری، ڈکیتی، منشیات فروشی، فحاشی و عریانی اور دیگر جرائم کے خلاف عظیم الشان امن ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، مفتی محمد روزی خان، مولانا حافظ حسین احمد شرودی، حاجی عبدالصادق نورزئی، میر حشمت لہڑی، حافظ مسعود احمد عبدالصمد حقیار، صفی اللہ مینگل اور دیگر مقررین نے کہا کہ کوئٹہ میں جرائم پیشہ عناصر اور مسلح جتھوں کی سرِعام سرگرمیاں حکومتی و انتظامی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ شہر میں دندناتے مسلح جتھوں کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے، جبکہ بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ حکومتی غفلت اور انتظامی چشم پوشی نے شہریوں کو عدم تحفظ سے دوچار کر دیا ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے چیک پوسٹوں پر عام شہریوں کی تذلیل، بلاجواز روک ٹوک اور ہراسانی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اغبرگ، پنجپائی، ہنہ، نوحصار اور دیگر علاقوں کے پرامن شہریوں کو دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے نام پر تنگ و ہراساں کرنا اور انہیں اجتماعی سزا دینا کسی صورت قابلِ قبول نہیں انہوں نے شہر اور نواحی علاقوں میں پولیس بالخصوص ایگل اسکواڈ کی جانب سے ناکوں پر طلبا، نوجوانوں اور عام شہریوں کو بلاجواز ہراساں کرنے اور ان سے رشوت وصول کرنے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عوام دشمن طرزِ عمل قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ ایسے غیر قانونی اقدامات کا فوری سدباب کرکے شہریوں کی عزتِ نفس اور بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ مقررین نے شہر میں منشیات فروشی، جسم فروشی کے اڈوں، غیر قانونی شیشہ پوائنٹس اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف مثر کارروائی نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں نے معاشرتی ماحول اور نوجوان نسل کے مستقبل کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ متعلقہ ادارے ان جرائم کے خاتمے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کریں اور ان سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں انہوں نے کوئٹہ میں دن کے اوقات میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کو شہریوں کے لیے شدید اذیت کا باعث قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے۔مقررین نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال، عزت، آزادی اور بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست اور حکومت کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔ حکومت اور انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کرنے کے بجائے شہر میں امن و امان کی بحالی، جرائم کے خاتمے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کریں۔ کوئٹہ کے عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

WhatsApp
Get Alert