مسافروں کےلیےاہم خبر، پروازوں میں تاخیر پر ایئرپورٹس کا بڑا اقدام

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان میں مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی کے باعث لاہور سمیت مختلف ایئرپورٹس پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہونے لگا، جس کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے مسافروں کی سہولت کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم کر دیے ہیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک سے آنے اور وہاں جانے والی بین الاقوامی پروازوں کو غیر متوقع تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس صورتحال کے باعث پاکستان کے مختلف بین الاقوامی ایئرپورٹس پر دیگر مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کے شیڈول بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ایئرپورٹس پر پروازوں کے انتظامات سنبھالنے والے عملے کو بھی مسائل پیش آ رہے ہیں۔
اس صورتحال کے پیش نظر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے متاثرہ مسافروں کو پروازوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنے اور ان کی رہنمائی کیلئے خصوصی سہولت کاؤنٹر قائم کیے ہیں۔
لاہور ایئرپورٹ پر یہ کاؤنٹر بین الاقوامی روانگی کے دروازے کے سامنے لیول ٹو پر قائم کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کے مختلف شہروں کیلئے براہ راست پروازوں میں تاخیر یا منسوخی سے متاثر ہونے والے مسافر یہاں سے معلومات اور ضروری رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔
اتھارٹی نے متعلقہ ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ پروازوں کی منسوخی یا تاخیر کی صورت میں اپنے نمائندے سہولت کاؤنٹرز پر تعینات کریں۔ ایئرلائنز کے نمائندے مسافروں کو پروازوں کی تازہ ترین صورتحال اور روانگی کے نئے اوقات سے آگاہ کریں گے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا عملہ بھی ان کاؤنٹرز پر موجود ہوگا تاکہ مسافروں کو ضروری معاونت فراہم کی جا سکے۔ اتھارٹی نے ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ مسافروں کی مشکلات کم کرنے کیلئے مکمل تعاون یقینی بنایا جائے اور کاؤنٹرز پر نمائندوں کی موجودگی برقرار رکھی جائے۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کے وقت اور تازہ ترین صورتحال کی تصدیق کر لیں تاکہ غیر ضروری پریشانی سے بچا جا سکے۔
