خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا خدشہ، پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس طلب

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے خدشات کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس آج رات وزیراعلی ہاؤس پشاور میں ہوگا، جس میں ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوگا اور خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے بعد کی صورت حال زیر غور آئے گی۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کے فیصلے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اب بھی کہتا ہوں کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نہیں لگا سکتی، ایمرجنسی لگانا وفاقی حکومت کا سب سے بڑا احمقانہ فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کسی صورت مسئلے کا حل نہیں اور نہ ہی اس سے موجودہ بحران ٹل سکتا ہے، ابھی بھی وقت ہے حکومت پی ٹی آئی کے مطالبات تسلیم کرے اور عمران خان سے ملاقات کرا دے تو سارے مسائل کا حل نکل سکتا ہے، حکومت مولانا فضل الرحمان کی ثالثی سے فائدہ اٹھائے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ایمرجنسی لگانے کی باتیں پی ٹی آئی کو دباؤ میں لانے کے لیے ہو رہی ہیں لیکن کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور مطالبات منوانے تک لانگ مارچ جاری رہے گا۔

سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کے پی نے کہا کہ دعوے کے ساتھ کہتا ہوں فیصلے کے باوجود حکومت ایمرجنسی نہیں لگا سکتی۔

WhatsApp
Get Alert