سوئی ماسٹر پلان کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد جاری، پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

سوئی (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ہفتہ کو سوئی پہنچے، جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین، معتبرین اور زعماء سے ملاقات کی اور روایتی بلوچی حال احوال کیا۔ اس موقع پر عوام کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے وزیر اعلیٰ کو اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ بلوچستان کے ایسے علاقے بھی ہیں جہاں قیام پاکستان سے اب تک ترقیاتی کام نہیں ہو سکے، تاہم اب ان علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ تعلیم ہی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ بالخصوص بچیوں کی تعلیم پر توجہ دینا ناگزیر ہے تاکہ انہیں تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں اور وہ ایک تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوئی ماسٹر پلان کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے، جن کا مقصد علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانا اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ترقیاتی عمل کو ان علاقوں تک وسعت دینے کے لیے کوشاں ہے جو ماضی میں نظرانداز رہے، تاکہ وہاں کے عوام بھی تعلیم، بنیادی سہولیات اور ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert