خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ آئینی اقدام ہے، ترجمان بلوچستان عوامی پارٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ترجمان نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو آئینی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے متعدد بار پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو مذاکرات کی دعوت دی، تاہم غیر سنجیدہ سیاسی رویے اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر تعاون کے فقدان کے باعث وفاقی حکومت کو ایک اہم اور مشکل فیصلہ کرنا پڑا اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی جیسے سنگین قومی چیلنج سے نمٹنے کے لیے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی مفاد، ملکی سلامتی اور عوام کے تحفظ کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک جماعت یا حکومت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے، جس میں تمام سیاسی قوتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا چاہیے سیاسی اختلافات اور اقتدار کی کشمکش کو قومی سلامتی کے معاملات پر حاوی نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ ملک میں پائیدار امن کا قیام تمام سیاسی قوتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے خیبرپختونخوا حکومت کو مذاکرات اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کے لیے آمادہ کرنے کی متعدد کوششیں کی گئیں، تاہم پیش رفت نہ ہونے کے باعث وفاقی حکومت نے آئینی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔

WhatsApp
Get Alert