خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی مسترد کرنے کا بڑا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ پارٹی نے اسے عوامی مینڈیٹ کے خلاف قرار دیتے ہوئے آئینی اور قانونی فورمز سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا تین گھنٹے طویل اجلاس ہوا، جس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے معاملے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں اس فیصلے کو متفقہ طور پر مسترد کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ایمرجنسی کا نفاذ عوامی مینڈیٹ پر حملہ اور غیر آئینی و غیر جمہوری اقدام ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ منتخب صوبائی حکومت کو غیر مؤثر بنانے سے وفاقی نظام کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، جبکہ سیاسی عدم استحکام اور وفاق و صوبے کے درمیان کشیدگی میں بھی اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ٹی آئی نے وفاقی حکومت کے طرزعمل پر سوال اٹھاتے ہوئے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال کا تقابلی جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ اگر دہشت گردی ایمرجنسی کے نفاذ کی وجہ ہے تو بلوچستان میں بھی اسی معیار کا اطلاق کیوں نہیں کیا جارہا؟ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ اس اقدام کا مقصد امن کا قیام نہیں بلکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔
پارلیمانی پارٹی نے دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہوئے اس کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ اعلامیے میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات کے سلسلے میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی قرارداد اور امن جرگے کی سفارشات کو اہمیت دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
پی ٹی آئی نے منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے عوامی مینڈیٹ کی توہین قرار دیا۔ پارٹی نے صوبائی صدر جنید اکبر خان کی گرفتاری پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ دیگر منتخب نمائندوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور انہیں ہراساں کیے جانے پر بھی اعتراض اٹھایا گیا۔
اعلامیے میں خیبرپختونخوا پولیس کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا گیا کہ وفاقی حکومت کے دباؤ پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف بلاجواز گرفتاریاں کی گئیں اور مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت احکامات جاری کیے گئے۔ پارٹی نے ان احکامات کے قانونی جائزے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے تمام غیر قانونی گرفتاریوں اور سیاسی انتقامی کارروائیوں کے فوری خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مینڈیٹ، صوبائی خودمختاری اور آئین کی بالادستی کے تحفظ کے لیے ہر قانونی اور آئینی فورم سے رجوع کیا جائے گا۔ پارٹی نے جمہوری اداروں کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
