پی ٹی آئی کا دہشت گردی کے ساتھ تعلق جوڑنا بدترین سیاسی شعبده بازی ہے، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور نامور قانون دان بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے خیبر پختونخواہ میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے حکومت کے تمام الزامات اور پریس کانفرنسز کو سراسر جھوٹ اور بوگس قرار دے دیا۔
اس حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح سے جب سے یہ گورنر راج اور ایمرجنسی کا شرمناک فیصلہ کیا گیا ہے، تب سے پریس کانفرنسیں کی جا رہی ہیں جو کہ مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہیں، ہم پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ ہمارا دہشت گردوں سے رابطہ تھا، لیکن یہ باتیں انہیں اس وقت کیوں یاد آئیں جب ہم نے اپنے قائد عمران خان کے لیے حق مانگا؟۔
مذاکرات کے اندرونی احوال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ جب مذاکرات ہوئے تھے تو پہلی ہی نشست میں حکومت کی جانب سے ہمارے سامنے دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق 7 نکات رکھے گئے تھے، ہم نے اس وقت بھی واضح کیا تھا کہ اگرچہ ہماری آج کی نشست کا یہ موضوع نہیں تھا، تاہم ہم نے ان تمام نکات اور ایک ایک شق سے مکمل اتفاق کیا تھا، اس کے باوجود پی ٹی آئی کا دہشت گردی کے ساتھ تعلق جوڑنا انتہائی افسوس ناک اور بدترین سیاسی شعبده بازی ہے۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے متنبہ کیا کہ آج 11 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، 1973ء میں عطا اللہ مینگل کی منتخب حکومت کو بلوچستان میں گرایا گیا تھا اور وہاں گورنر راج لگایا گیا تھا، جس کے بعد سے آج تک بلوچستان کے حالات کبھی ٹھیک نہیں ہوسکے، آج خیبر پختونخواہ میں بھی ہو بہو وہی بلوچستان طرز کے حالات پیدا کرنے کی خطرناک کوشش کی جا رہی ہے، جو نفرت کے بیج آج بوئے جا رہے ہیں ان کا پھل ایک دن پر محیط نہیں ہوتا بلکہ جب عوام اور ریاست کے درمیان خلیج پیدا کی جاتی ہے تو اس کے تباہ کن نتائج نکلتے ہیں جو کہ صدیوں پر محیط ہوتے ہیں۔
انہوں نے سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی نے کے پی کے غیور عوام کے سر کا سودا کرنے سے انکار کیا لیکن تحریکِ انصاف کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کے اس جذبے کو اب دہشت گردی سے تشبیہ دی جا رہی ہے، گورنر راج کے نفاذ کے بعد سے مسلسل پریس کانفرنسیں کرکے پی ٹی آئی کو دہشت گردوں کا ہمدرد ثابت کرنے کا جو گھناؤنا بیانیہ بنایا جا رہا ہے، وہ صریحاً جھوٹ اور انتہائی شرمناک ہے۔
