نیشنل ہائی وے پر مسافر کوچز پر فائرنگ اور لوٹ مار، ایس ایس پی کچھی کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا؛ ٹرانسپورٹرز کا سبی میں دھرنا
بختیار آباد کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ سے کلینر زخمی، ربی کے مقام پر مسافروں سے لوٹ مار، مٹھڑی میں ایس ایس پی کچھی کی گاڑی کے ٹائر برسٹ

انتظامیہ کی عدم توجہی پر ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج، ناڑی بینک کے مقام پر قومی ہائی وید ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بلاک، مکمل تحفظ کا مطالبہ
بختیار آباد / سبی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) نیشنل ہائی وے پر گزشتہ شب شدید بدامنی کے پے در پے واقعات کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے تین مختلف مقامات پر مسافر کوچز کو فائرنگ اور لوٹ مار کا نشانہ بنایا ہے۔
پولیس ذرائع اور ٹرانسپورٹرز کے مطابق بختیار آباد کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے مسافر کوچ پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کوچ کا کلینر (ایک شخص) شدید زخمی ہو گیا۔ اس کے علاوہ ربی کے مقام پر ایک اور مسافر کوچ کو زبردستی روک کر مسافروں سے نقدی اور قیمتی سامان کی لوٹ مار کی گئی۔ بدامنی کا یہ سلسلہ یہیں نہیں روکا بلکہ مٹھڑی کے مقام پر مسلح ملزمان نے اس دوران وہاں سے گزرنے والی ایس ایس پی کچھی کی گاڑی پر بھی فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے اس حملے میں ایس ایس پی کچھی تو معجزانہ طور پر محفوظ رہے، تاہم فائرنگ کی زد میں آنے کے باعث ان کی سرکاری گاڑی کے ٹائر برسٹ ہو گئے۔
قومی شاہراہ پر مسافر کوچز پر حملوں، ڈکیتیوں اور قانون نافذ کرنے والے افسران کی گاڑیوں پر فائرنگ کے ان خوفناک واقعات کے خلاف ٹرانسپورٹروں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ احتجاجاً ٹرانسپورٹروں نے سبی میں ناڑی بینک کے مقام پر نیشنل ہائی وے کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بلاک کر کے دھرنا دے دیا ہے۔
احتجاجی دھرنے کی قیادت ضلع ٹرانسپورٹ کے صدر ساجد بنگلزئی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کوچ کا کلینر زخمی ہو چکا ہے اور نیشنل ہائی وے پر مسافر کوچز کو آئے روز نشانہ بنانا اور لوٹ مار کرنا معمول بن چکا ہے، لیکن اس کے باوجود سبی اور کچھی کی ضلعی انتظامیہ مجرموں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے سے مکمل طور پر گریزاں ہے۔
ٹرانسپورٹر رہنما نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ جب تک حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے مسافروں, ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹروں کو قومی شاہراہ پر مکمل سیکیورٹی اور تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا، تب تک ناڑی بینک کے مقام پر قومی شاہراہ کی بندش اور دھرنا بلا تعطل جاری رہے گا۔
