خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج آئین و جمہوریت کی کھلی خلاف ورزی ہے، 14 اکتوبر کو صوبے بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی
13 اکتوبر بروز منگل تحریک تحفظ آئین پاکستان کے اتحادی جماعتوں کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، احتجاجی لائحہ عمل طے کیا جائے گا

خیبرپختونخوا سے فوری طور پر ایمرجنسی اور گورنر راج کا خاتمہ کر کے قانونی حکومت بحال کی جائے، زبردستی کے نتائج بھیانک ہوں گے
8 فروری کے انتخابات میں فارم 47 کے ذریعے مینڈیٹ تبدیل کرنے اور اب عوامی اختیار چھیننے سے ملک میں بدترین سیاسی عدم استحکام پیدا ہو چکا ہے
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں خیبر پختونخوا میں آئینی، سیاسی اور جمہوری احتجاج کو روکنے کے لیے اٹھائے گئے غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کو ملکی آئین، جمہوری اصولوں اور وفاقِ پاکستان کی روایات کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ پارٹی کے محبوب چیئرمین، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی جانب سے احتجاج کی کال پر صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں 14 اکتوبر کو بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ اسی سلسلے میں 13 اکتوبر بروز منگل کو دوپہر 12 بجے تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس منعقد ہوگا، جس میں 14 اکتوبر کے احتجاجی مظاہروں کی تیاریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔
پشتونخوا میپ کے بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا سے فوری طور پر ایمرجنسی اور گورنر راج کا خاتمہ کیا جائے اور صوبے میں قانونی حکومت بحال کی جائے۔ خبردار کیا گیا ہے کہ جبر اور زبردستی کے ہتھکنڈے جاری رکھنے کے نتائج انتہائی بھیانک ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملکی امور کو افراد و اشخاص کے ذاتی مالی مفادات اور غیر آئینی اقتدار کو طول دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ملک کے آئینی ڈھانچے، عدلیہ کی آزادی اور میڈیا کی اہمیت کو پامال کرتے ہوئے آئین کی مکمل بے توقیری کی گئی ہے جس سے دنیا کے سامنے ملک کا مقام و وقار داؤ پر لگ چکا ہے۔
پریس ریلیز میں اس بات پر زور دیا گیا کہ 8 فروری 2024 کے الیکشن میں جس طرح زور زبردستی اور دہشت کے ذریعے انتخابی نتائج تبدیل کیے گئے اور خیبر پختونخوا کے عوام نے نشان کے بغیر بھی اپنی سیاسی اہمیت ثابت کی، آج ان کی تاریخی جیت اور عوامی مینڈیٹ چھینے کے لیے جو غیر آئینی اقدامات کیے گئے ہیں، اس سے ملک میں بدترین افراتفری اور انتشار پھیلا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت عروج پر ہے، ادارے مفلوج ہو چکے ہیں اور فارم 47 کے غیر منتخب نمائندے کرپشن میں مصروف ہیں۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ ملک کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے جمہوری افراد اور سیاسی جماعتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مسلط کردہ ٹولے اور انہیں لانے والوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں۔
