سریاب میں داماد کو قتل کرنے کا جرم ثابت، ایڈیشنل سیشن جج نے مجرم محمد افضل کو عمر قید اور 10 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنا دی

ملزم نے 2023 میں کیچی بیگ کے علاقے چلتن اسٹریٹ میں رشتے کے تنازع پر داماد مقبول احمد کو گولیاں مار کر قتل کیا تھا


عدم ادائیگی ہرجانہ پر مجرم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی، عدالتی فیصلے کے بعد مجرم کو جیل منتقل کر دیا گیا
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ایڈیشنل سیشن جج ون سریاب کوئٹہ جناب خان محمد صاحب نے داماد کے مقدمہ قتل میں نامزد ملزم کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 10لاکھ روپے ہرجانہ کی سز اسنادی ۔ استغاثہ کے مطابق ملزم محمد افضل نے پولیس تھانہ کیچی بیگ کے حدود چلتن اسٹریٹ سریاب روڈ میں سال 2023کے دوران رشتے کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے اپنے داماد مقبول احمد کو قتل کردیا تھا جس پر ان کے خلاف مقدمہ کا چالان عدالت میں پیش کیا گیا تھا ، گزشتہ سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد مقدمہ کا فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا جسے سناتے ہوئے گزشتہ روز عدالت کے جج نے ملزم محمد افضل ولد محمد مراد کو زیر دفعہ 302کے تحت جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 10لاکھ روپے ہرجانہ کی سزا سنادی ، عدم ادائیگی ہرجانہ کی صورت میں ملزم کو مزید 6ماہ قید بھگتنا ہوگی ، سزا سنائے جانے کے بعد ملزم کو جیل منتقل کردیا گیا ۔

WhatsApp
Get Alert