ہمیں اپنے سپہ سالار کی قدر کرنی چاہیے، سینیٹر فیصل واوڈا
شہیدوں کے خلاف کوئی بکواس کرے گا تو ہم اس کی زبان کھینچ کر جوتے کا سول بنائیں گے اور اس میں کوئی اگر مگر نہیں، میری تمام پیش گوئیاں ہمیشہ درست ثابت ہوئی ہیں کیونکہ ہمیشہ علم کی بنیاد پر بات کرتا ہوں، پچھلے تین چار سالوں میں کی گئی تمام پیشگوئیوں میں اللہ نے عزت رکھی ہے، اسلام آباد میں پریس کانفرنس

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے سپہ سالار کی قدر کرنی چاہیے اور شہداء کے احترام کو یقینی بنانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سپہ سالار یا شہداء کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرے گا تو اس کی زبان کھینچ کر جوتے کا سول بنایا جائے گا۔ اس معاملے میں کوئی اگر مگر نہیں ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ کہ پاکستان سے بڑا کسی کا باپ نہیں ہے اور عوام کو اب جھوٹے نعروں اور بریانی کی دیگوں کی سیاست سے باہر نکالا جا چکا ہے، شو از اوور! اب صرف پرفارمنس دیکھی جائے گی۔
خیبر پختونخواہ میں گزشتہ 13 سالوں کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں صرف تباہی دیکھی گئی ہے اور وہ پارٹی بھی اب دھرلی گئی ہے، یہ ملک، صوبہ یا کسی کا بھی لیڈر کسی کے باپ کا نہیں ہے، تمہارا باپ نہیں ہوگا لیکن پاکستان ہمیشہ رہے گا، یہ ابھی پارٹ ون ہے، اس کے پارٹ ٹو اور تھری بھی آنے والے ہیں، جو شخص یہ کہے گا کہ ہم پاکستان کا جھنڈا نہیں اٹھائیں گے اور قومی ترانہ نہیں بولیں گے، ہم ان لوگوں کی نسلیں تباہ کر دیں گے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان کا بھٹہ بیٹھ چکا ہے اور اگر کنڈی صاحب بھی کوئی کارکردگی نہ دکھا پائے تو نیا سیٹ اپ بھی آ سکتا ہے کیونکہ یہاں اب فیلئر کی ایک فیصد بھی گنجائش موجود نہیں ہے، میری تمام پیش گوئیاں ہمیشہ درست ثابت ہوئی ہیں کیونکہ ہمیشہ علم کی بنیاد پر بات کرتا ہوں، پچھلے تین چار سالوں میں کی گئی تمام پیشگوئیوں میں اللہ نے عزت رکھی ہے۔
آزاد سینیٹر نے مزید کہا کہ لیڈروں کی حالت یہ ہے کہ وہ کھڑے ہونے کے قابل نہیں ہیں اور نہ ہی انگریزی بول سکتے ہیں، فیصل کریم کنڈی سمیت سب کو کامیابی کے لیے صرف 180 دن کا ٹارگٹ دیا گیا ہے، اب کامیابی کے علاوہ کچھ نہیں سنا جائے گا، اب کسی کے پاس پولیٹیکل کیپٹل نہیں بچا، عوام کو کسی سے کوئی مطلب نہیں، انہیں صرف صحت، تعلیم اور امن و امان چاہیئے، اگر سب کچھ فوج لا کر دے رہی ہے تو پھر کھل کر کیوں نہیں بولتے؟ عوام اب جمہوری نعروں اور لیڈروں کی باتوں میں نہیں آئے گی۔
