ایمرجنسی کے نفاذ کی پارلیمنٹ سے منظوری پر بھرپور احتجاج کریں گے، بیرسٹر گوہر

محسن نقوی کے بیان کا آج تفصیلی جواب دوں گا، آج اسمبلی میں بتاؤں گا اندر کیا ہوا، بہت ساری چیزیں تھی جو باہر نہیں آنی چاہئے تھیں، پھر ہمارا بھی حق ہے ہم بتائیں گے اندر کیا ہوا ہے؛ چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے پارلیمنٹ میں خیبر پختونخواہ میں ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی پارٹی اس اقدام کے خلاف شدید احتجاج کرے گی، جبکہ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں آئین و جمہوریت کی بحالی کے لیے پی ٹی آئی اب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے درخواست ہے کہ وہ آج پیش کی جانے والی قراردادوں کو مسترد کریں کیونکہ کہیں بھی جمہوری حکومت کو اس طرح برخاست نہیں کیا جاتا، اس اقدام سے جمہوریت، آئین اور دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے کو شدید نقصان پہنچے گا، خیبر پختونخواہ میں ایمرجنسی اور گورنر راج کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے، اگر حکومت کا موقف درست ہے تو پھر بلوچستان میں بھی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ان کے بیان کا تفصیلی جواب دیں گے، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ محسن نقوی نے ان کے ساتھ مل کر اچھا کردار ادا کیا ہے، آج اسمبلی فلور پر اندرونی حقائق سامنے لائیں گے کیونکہ پہلے بہت سی ایسی باتیں باہر آئیں جو نہیں آنی چاہیے تھیں لہذا اب ہمارا بھی حق بنتا ہے کہ ہم قوم کو بتائیں کہ اندر کیا ہوا، اندر کی باتیں اندر ہی رہنی چاہیے تھیں، میں صرف اتنا کہوں گا کہ میں، ایک اور بندہ اور سب سے بڑا ایک اور بھی ہے جو حقائق سے واقف ہے، باقی سب اللہ کی ذات جانتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert