کوکنگ آئل اور گھی استعمال کرنے والے ہوشیار ہوجائیں! اہم خبر آگئی

کوٹری(قدرت روزنامہ) سندھ فوڈ اتھارٹی کی کوکنگ آئل یونٹ پر چھاپہ مار کارروائی میں سنگین خلاف ورزیاں سامنے آگئیں ، کوکنگ آئل کو لیبارٹری ٹیسٹنگ اور مستند رپورٹس کے بغیر ہی مارکیٹ میں فراہم کیا جا رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے کوٹری میں ایک کوکنگ آئل اور گھی بنانے والے یونٹ کا معائنہ کرتے ہوئے سنگین بے ضابطگیاں اور غیر قانونی سرگرمیاں پکڑ لیں۔
ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ لائسنس کی مدت ختم ہونے کے باوجود کارخانے میں کوکنگ آئل اور گھی کی تیاری کا کام غیر قانونی طور پر جاری تھا۔
اس کے علاوہ تیار شدہ آئل کو کسی بھی مستند لیبارٹری ٹیسٹنگ اور کوالٹی رپورٹ کے بغیر ہی مارکیٹ میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔
تحقیقات میں مزید معلوم ہوا کہ پروڈکشن اور معیار کی چیکنگ کے نام پر خطرناک اور زائد المیعاد (ایکسپائرڈ) کیمیکلز استعمال کیے جا رہے تھے۔
گھی کو بغیر کسی قانونی کنٹریکٹ مینوفیکچرنگ لائسنس اور لیب ٹیسٹنگ کے دوبارہ پیک کیا جا رہا تھا، جبکہ پروڈکٹس پر عوام کو دھوکہ دینے کے لیے گمراہ کن اور غلط لیبل چسپاں کیے گئے تھے۔
سندھ فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ یونٹ میں صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے بنیادی اصولوں کو مکمل طور پر ہوا میں اڑا دیا گیا تھا۔ پولیس اور فوڈ اتھارٹی نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
