ردالفتنہ 3: واشک اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی فیصلہ کن کارروائیاں، بھارتی سرپرستی والے 7 دہشت گرد ہلاک، 104 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار

واشک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ’فتنہ الہندوستان‘ کے 5 دہشت گرد جہنم واصل، ٹھکانہ تباہ، بارود اور اسلحہ برآمد


مستونگ کے علاقے پرنگ آباد میں 2 دہشت گرد مارے گئے؛ تربت اور دشت میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی
کوئٹہ / اسلام آباد (ڈیلی قدرت کوئٹہ) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن ‘ردالفتنہ 3’ کے تحت فتنہ الہندوستان اور انسانی اسمگلرز کے خلاف بڑی کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ضلع واشک اور مستونگ میں مجموعی طور پر 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق واشک میں سیکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب بھارتی سرپرستی میں سرگرم پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کا ٹھکانہ مکمل تباہ کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشنز پوری رفتار سے جاری رہیں گے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ کے علاقے پرنگ آباد میں بھی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی مشکوک نقل و حرکت پر بروقت انٹیلی جنس آپریشن کر کے مزید 2 دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا۔ علاوہ ازیں سیکیورٹی فورسز نے دشت اور تربت کے علاقوں میں انسانی اسمگلنگ کی بڑی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے غیر قانونی طور پر ایران اور یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 104 غیر قانونی افغان شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کا عزم ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert