گوادر اور گبد بارڈر کراسنگ پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں خاتون سمیت 10 دہشت گرد ہلاک

بھارتی سرپرستی میں سرگرم 'فتنہ الہندوستان' کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے گئے، گوادر شہر اور گردونواح کلیئر، ریاست کی رٹ بحال


دہشت گردی کے لیے بلوچ خواتین کا استحصال روایات کے منافی ہے، “عزمِ استحکام” کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی، آئی ایس پی آر
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 22 اکتوبر 2026 کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ضلع گوادر میں گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر کے عمومی علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی کوشش کی۔ ان مقامات کو نشانہ بنا کر دہشت گرد دراصل انھی لوگوں کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے جن کی نمائندگی کا وہ دعویٰ کرتے ہیں، اور وہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے تھے۔ شہریوں کے تحفظ اور علاقے کو کلیئر کرانے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے گوادر شہر اور اس کے گردونواح میں فوری کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔
مختلف جھڑپوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم، ریاست کی رٹ کو نقصان پہنچانے اور ان کے گمراہ کن ایجنڈے کو پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون دہشت گرد سمیت 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ دہشت گردوں کے حملوں کے دوران ایک عام شہری نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی فورسز کے کسی بھی جانی نقصان کے بغیر آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا اور علاقے میں امن و امان اور ریاست کی رٹ بحال کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس حملے میں ایک بلوچ خاتون کو زبردستی ملوث کرنا نہ صرف ریاست کے خلاف سنگین جرم ہے بلکہ بلوچ خواتین کی حرمت پر بھی حملہ ہے۔ یہ عمل پروپیگنڈے کے ایک حربے کے طور پر بلوچ خواتین کے سفاکانہ استحصال کو بے نقاب کرتا ہے، جس کا مقصد عوامی جذبات کو بھڑکانا اور اپنی مہم کو جھوٹا تقدس دینا ہے۔ ایسے ہتھکنڈے بلوچ اور اسلامی روایات کے یکسر منافی ہیں، جو خواتین کو انتہائی عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ اپنے نام پر خون بہانے والوں کو مسترد کیا ہے اور وہ اس فریب کو بھی بخوبی بے نقاب کر دیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان پر فیڈرل اپیکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

WhatsApp
Get Alert