پیٹرولیم لیوی: حافظ نعیم کا 150 شہروں میں دھرنے دینے اور لانگ مارچ کی تیاری کا اعلان
لیگی قیادت میں حکومت معاشی دہشتگردی کر رہی، گیس لوڈ شیڈنگ اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف لانگ اسلام آباد لے کرجائیں گے.امیر جماعت اسلامی

کراچی(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے فی لیٹر پیٹرول پر حکومت کی جانب سے ٹیکس اور لیوی کی مد میں وصول کیے جانے والے 135 سے 140 روپے کو بھتہ اور غنڈہ ٹیکس قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف ملک کے 150 شہروں میں دھرنے دینے اور اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی تیاری کرنے کا اعلان کیا ہے.
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم مہنگائی کے خلاف اور پیٹرول کی قیمت کم کرنے کے لیے طویل عرصے سے جد و جہد کر رہے ہیں مہنگائی کم کرنے کے لیے انہوں نے کہا کہ پیٹرول پر 80 روپے کی اضافی پیٹرولیم لیوی، 5 روپے کی کلائمیٹ سپورٹ لیوی، اور 21 روپے کی کسٹم ڈیوٹی اور دیگر ٹیکسز ختم کیے جائیں. انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت فی لیٹر پیٹرول پر 135 سے 140 روپے بھتہ وصول کر رہی ہے اسے ہم غنڈہ ٹیکس کہتے ہیں جگہ ٹیکس کہتے ہیں اور یہ معاشی دہشتگردی ہے جو حکومت کی طرف سے پاکستان کے 25 کروڑ لوگوں پر مسلط ہے امیر جماعت اسلامی نے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی پیٹرول سبسڈی اسکیم کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مڈل کلاس اور غریب لوگ بستے ہیں جن میں سے ڈھائی کروڑ لوگ موٹر سائیکل پر سفر کرتے ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ لیوی کا بھتہ ختم کیا جائے جس سے فی لیٹر قیمت میں 100 سے 125 روپے تک کمی ہو جائے گی.
انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ لیوی کے خاتمے اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گرنے کے بعد ملک میں فی لیٹر قیمت 200 روپے سے بھی کم ہو جائے گی جس سے مہنگائی کم ہو گی اور معیشت کا پہیہ چلے گا . حافظ نعیم نے مہنگی بجلی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز ہم سے کیپسٹی چارجز کی مد میں اس بجلی کی قیمت بھی وصول کرتے ہیں جو بنتی ہی نہیں حکومت نے آئی پی پیز کے ساتھ ناجائز طریقے سے معاہدے کیے تھے جن کا خمیازہ عوام بھاری بلوں کی صورت میں بھگت رہی ہے.
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں میں، جو جمع نہ کرانے کی صورت میں کنکشن کاٹ دیا جاتا ہے، بجلی کی اصل قیمت سے زیادہ ٹیکسز اور کیپسٹی چارجز شامل ہوتے ہیں جو فوری طور پر ختم کیے جانے چاہئیں امیر جماعت اسلامی نے گیس کی لوڈشیڈنگ سے مجبور ہو کر سیلنڈر استعمال کرنے پر ایل پی جی کی آسمان سے باتیں کرنے والی قیمتوں کو حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بدترین حالات ہیں اور مہنگائی کا عذاب میں لوگ مبتلا ہیں جبکہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے.
انہوں نے مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاج کے تیسرے فیز کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں کسی کو بھی فکر نہیں کہ وہ اس شدید مہنگائی کے خلاف آواز بلند کرے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کی بات چل رہی ہے کل بھی وزرا نے لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا لیکن ہمیں ایسی ملاقات کا فائدہ نہیں ہے جس میں عوام کو ریلیف نہ ملے، ہمیں کوئی شوق نہیں ہے لانگ مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لانگ مارچ کی تیاری کر رہے ہیں جس کا اعلان کیا جائیگا اور اسلام آباد مارچ جب جماعت اسلامی کرے گی تو ان کے روکنا آسان نہیں ہوگا.
