بلوچستان کے 10 سرکاری محکموں میں سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت نے صوبے کے 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ سسٹم کے نفاذ کے بعد مزید 10 محکموں میں سرکاری سمریز کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری امور میں تیزی لانا، فیصلہ سازی کو مؤثر بنانا اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
اس پیش رفت سے متعلق تفصیلات وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سامنے آئیں، جس میں عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، سرکاری امور کو ڈیجیٹل کرنے اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ سسٹم متعارف کرائے جانے کے بعد اب تک ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز پر کارروائی مکمل کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری سمریز کو بھی ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 10 سرکاری محکموں کی سمریز کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے سرکاری کارروائیوں میں تیزی آنے، فائلوں کی نقل و حرکت آسان ہونے اور اہم معاملات پر بروقت فیصلے کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ سرکاری امور کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی اور انتظامی معاملات پر بروقت فیصلے کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری نظام میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت، کارکردگی اور جواب دہی کو فروغ ملے گا۔ جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال عوام کو بہتر اور بروقت سرکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں بھرپور تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری کارکردگی بہتر بنانے کے لیے روایتی طریقہ کار کی جگہ جدید، مؤثر اور تیز رفتار ڈیجیٹل نظام کو فروغ دینا ہوگا۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ ان اصلاحات کے بنیادی مقاصد سرکاری طریقہ کار کو آسان بنانا، فیصلہ سازی میں تیزی لانا اور شہریوں کے لیے سرکاری خدمات تک رسائی کو سہل بنانا ہیں۔
