موجودہ حکومت جمہوریت کی آڑ میں مارشل لاء نافذ کیے ہوئے ہے، ترجمان جے یو آئی ف

احسان فراموش حکمران مجبوری میں پاؤں پڑتے ہیں اور طاقت میں گریبان پکڑتے ہیں، معاملات اس حد تک نہ لے کر جائیں کہ کل کو حکمران منہ چھپاتے پھریں؛ اسلم غوری کی وارننگ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام ف کے ترجمان اسلم غوری نے قومی اسمبلی کے فلور پر پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی تقریر کو بلیک آؤٹ کیے جانے کے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام، پارلیمنٹ، جمہوریت اور آزادیِ اظہارِ رائے کی سنگین توہین قرار دیا ہے، انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پارلیمنٹ کو ایک ڈمی ادارہ بنا کر رکھ دیا ہے اور نام نہاد جمہوری حکومت حقیقت میں آمریت کی لونڈی بن چکی ہے۔
ترجمان جے یو آئی ف اسلم غوری نے اپنے جاری کردہ سخت بیان میں سوال اٹھایا کہ اسمبلی کے اندر منتخب رہنماؤں کی تقریروں پر پابندی عائد کرنا، عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے ریکارڈ قائم کرنا اور انتخابی مہم کے دوران تھریٹ لیٹرز جاری کرنے جیسے ہتھکنڈے دراصل اس ملک کو کس خطرناک سمت میں دھکیل رہے ہیں؟ موجودہ حکومت جمہوریت کا نقاب پہن کر درحقیقت پسِ پردہ مارشل لا کے نفاذ جیسے حربے استعمال کر رہی ہے، جو ملک و قوم کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔


انہوں نے حکمرانوں کوتبدیلی اور مزاحمت کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو چاہیے کہ وہ دیوار پر لکھا ہوا واضح پڑھ لیں، آخر کس مجبوری کے تحت آئین، پارلیمنٹ، آزادی اور جمہوریت کو اس قدر بے توقیر کیا جا رہا ہے؟ حکمران کیوں کر اس لولی، لنگڑی، اندھی اور بہری جمہوریت کو مکمل طور پر دفن کرنے کے درپے ہیں، اگر ہمارے اکابرین نے انگریز کے ناجائز تسلط کو کبھی تسلیم نہیں کیا تھا، تو آج کے ان مقامی حکمرانوں اور مہروں کا تسلط بھی کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان جے یو آئی ف نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ہمیشہ ووٹ کو عزت دو کے بلند و بانگ نعرے لگاتے رہے ہیں، انہوں نے اقتدار میں آتے ہی تمام جمہوری روایات اور اقدار کو اپنے ہاتھوں سے دفن کر دیا اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے نعرے کو محض ایک مذاق بنا دیا، معاملات کو اس نہج پر نہ لے کر جائیں کہ کل کو انہیں چھپنے کے لیے بھی جگہ نہ ملے، احسان فراموش حکمران ہمیشہ مجبوری کے وقت آ کر پاؤں پڑتے ہیں اور طاقت ملتے ہی عوام اور اتحادیوں کے گریبان پکڑنے لگتے ہیں، لیکن جے یو آئی اس روش کو مزید برداشت نہیں کرے گی اور آئین و جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert