محسن نقوی کی بات بالکل درست کہ سسٹم تباہ ہوچکا ہے اس کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے، ندیم افضل چن

بلوچستان میں دن کے وقت اور خیبرپختونخواہ میں رات کو سفر نہیں کرسکتا ، پھر میں کیسے کہوں کہ امن وامان کی صورتحال ٹھیک ہے،بیوروکریسی سسٹم کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔رہنماء پیپلزپارٹی کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کی بات بالکل درست ہے کہ سسٹم تباہ ہوچکا ہے اس کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے، بلوچستان میں دن کے وقت اور خیبرپختونخواہ میں رات کو سفر نہیں کرسکتا ، پھر میں کیسے کہوں کہ امن وامان کی صورتحال ٹھیک ہے۔
انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان ساری باتوں کے باوجود کیا ہم نے جمہوریت کو چلانا ہے یا نہیں، مشرف وردی میں بیٹھا تھا پیپلزپارٹی نے تب بھی میدان نہیں چھوڑا تھا۔ملک میں لولی لنگڑی جمہوریت موجود ہے لیکن آئیڈیل جمہوریت نہیں ہے ۔نظام عدل، الیکشن کمیشن ، گورننس بالکل خراب ہے، سسٹم تباہ ہوگیا ہے۔
چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن پر جو سوالات اٹھتے ہیں اس کا سدباب ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے بیوروکریسی کے نظام کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، بیوروکریسی کا نظام اس ملک کو گورا دے کر گیا ہے، مشینری انجن جس نے حکومت اور ریاست کو چلانا ہے، وہ سسٹم تباہ ہوچکا ہے۔
اسی طرح چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مولانا صاحب کی تقریر میں بعض الفاظ ادا نہ ہوتے تو بہتر تھا، ان کی تقریر کے جواب میں جس طرح حملے کیے گئے وہ بھی نامناسب ہیں،سیاسی قیادت اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے والے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔
پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرونی انتشار کا پوری قوم مل کر مقابلہ کرتی ہے، اندرونی انتشار ملک کو زیادہ نقصان پہنچاتا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک میں کشیدگی بڑھانے کے بجائے سیاسی رہنمائوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ملک میں تنا بہت حد تک پہنچ چکا ہے، کشیدگی مزید نہیں بڑھنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم ریڈ لائن کراس کرنے والے نہیں، ہمارا موقف ہے پاکستان پہلے اور ریاست پہلے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاسی قیادت اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے والے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے لیے حکومت اور اپوزیشن کی نمائندگی برابر ہونی چاہیے، انتخابی اصلاحات غیر جانبدار اور عوامی امنگوں کے مطابق ہونی چاہئیں۔

WhatsApp
Get Alert