مولانا سے اچھے مراسم ہیں، سیاست تعلق کو بگاڑتی نہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے اچھے مراسم ہیں، انہیں 200 فیصد دوست سمجھتا ہوں۔
پارلیمنٹ کے باہر اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے بڑا پرانا تعلق ہے، سیاست تعلق کو بگاڑتی نہیں ہے۔
گزشتہ دنوں نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کا یہ کہنا معصومیت کا اظہار ہے کہ انہوں نے گورنر راج میں کبھی حصہ نہیں مانگا۔
ان کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے پہلے بھی اختلافات رہے ہیں لیکن اس نہج پر نہیں پہنچے ، مولانا فضل الرحمان کو فوری رد عمل نہیں دینا چاہتا تھا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ میرے مولانا سے اچھے مراسم ہیں، میری ذات پر حملہ مسئلہ نہیں لیکن مولانا حکومت کی ساکھ پر حملہ کر رہے تھے اگر مولانا فضل الرحمان کا دامن صاف ہے تو وہ اپنے خلاف شروع ہونے والی کارروائی کا سامنا کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف بھائیوں کی طرح ہیں میں نے تو انہیں گدگدی کی تھی، انہیں ایک روز بعد غصہ آیا جو بات ایک روز بعد یاد آتی ہے تو مکا اپنے منہ پر مار لینا چاہیے۔
