حکومتی اراکین اپوزیشن میں آنا چاہیں تو دروازے کھلے ہیں، اچھی وزارتیں بھی دیں گے، بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے کہا ہے کہ نمبر گیم پوری ہونے پر صوبائی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد ضرور لائیں گے، کیونکہ ہر سیاسی جماعت کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ حکومت بنائے۔ حکومتی اراکین اور صوبائی وزرا اپنی حکومت سے پریشان ہیں تو اپوزیشن کے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں، انہیں اچھی وزارتیں بھی دی جائیں گی۔ایک انٹرویو میں میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ اپوزیشن نے حکومت کے اچھے اقدامات کو سراہا ہے، جبکہ جہاں غلطیاں یا کوتاہیاں سامنے آئیں، وہاں بلوچستان اسمبلی کے فلور پر ان کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اپوزیشن کا مقصد سیاسی روایات کو توڑنا نہیں بلکہ آئینی اور جمہوری طریقے سے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومتی اراکین یا صوبائی وزرا اپنی حکومت سے مطمئن نہیں تو وہ اپوزیشن سے رابطہ کرسکتے ہیں، ان کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں اور انہیں اچھی وزارتیں دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔اپوزیشن لیڈر نے سابق وزیراعلی جام کمال خان کے دور حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم سیاسی روایات توڑنا نہیں چاہتے، تاہم اگر کوئی دوبارہ وہی صورت حال پیدا کرنا چاہتا ہے تو ہم اس کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ جس طرح جام کمال کے دور حکومت میں سیاسی حالات کا سامنا کیا تھا، اسی طرح اب بھی تیار ہیں۔ اگر کوئی ہم سے تنگ ہے تو بسم اللہ کرے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں۔

WhatsApp
Get Alert