خیبرپختونخوا حکومت کا افسران کے لیے بنیادی تنخواہ کے 250 فیصد کے مساوی سیکیورٹی رسک الاؤنس منظور

پشاور(قدرت روزنامہ) خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی اور امن و امان کے سنگین مسائل سے متاثرہ اضلاع میں تعینات سول اور پولیس افسران کے لیے غیر معمولی سیکیورٹی رسک الاؤنس کی منظوری دے دی ہے، جس کی شرح افسران کی موجودہ بنیادی تنخواہ کے 250 فیصد کے برابر ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) اور پولیس سروس آف پاکستان (PSP) سے تعلق رکھنے والے وہ افسران اس الاؤنس کے اہل ہوں گے جو حکومت کی جانب سے نامزد کردہ اضلاع میں تعینات ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق الاؤنس کے لیے اہل اضلاع کی نشاندہی محکمہ داخلہ کرے گا، جو ہر مالی سال کے آغاز میں متعلقہ اضلاع کی فہرست تیار کرے گا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ افسران کو تبادلے، معطلی، چھٹی یا آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (OSD) کی حیثیت سے تعیناتی کے دوران یہ الاؤنس نہیں دیا جائے گا۔
الاؤنس کی ادائیگی کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی اور اس رقم پر انکم ٹیکس بھی لاگو ہوگا۔ تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے ادائیگی میں تاخیر کی صورت میں صوبائی حکومت عارضی طور پر الاؤنس کی ادائیگی کرے گی، لیکن اس سے صوبائی حکومت پر مستقل مالی ذمہ داری عائد نہیں ہوگی۔
خیبرپختونخوا حکومت نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ الاؤنس کے اخراجات کی نگرانی اور وفاقی حکومت سے واجب الادا رقوم کی وصولی کے لیے خصوصی طریقہ کار وضع کیا جائے۔
