صوبائی حکومت دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیم تک بچوں کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت صوبے میں دانش سکولوں کے قیام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ اضلاع میں سکولوں کی تعمیر میں ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ تعلیم صوبے کی ترقی اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سکولوں کی تعمیر کے کام میں تیزی لائی جائے اور تمام منصوبے مقررہ وقت اور معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سکولوں کے قیام کے ساتھ ہی اساتذہ اور دیگر عملے کی تعیناتی کے لیے اشتہارات جاری کیے جائیں تاکہ تعمیر مکمل ہوتے ہی بچوں کو تعلیمی سہولت فراہم کی جا سکے اور کسی قسم کا وقت ضائع نہ ہو۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ژوب، قلعہ سیف اللہ، راڑہ شم، صحبت پور، خضدار، بیکڑ اور سیوی میں دانش سکولوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کی نگرانی کی جائے اور رکاوٹوں کا فوری ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیم تک بچوں کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہر بچے کو محفوظ، باوقار اور جدید تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، سیکرٹری سکولز لعل جان جعفر اور متعلقہ سینئر آفیسران نے شرکت کی۔

WhatsApp
Get Alert