ہمارا لیڈر سیاسی اسیر ہے اور ہم ان کو سیاسی طریقے سے ہی رہا کروائیں گے، سینیٹر مشعال یوسفزئی


پشاور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما سینیٹر مشعال یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں ہزارہ صوبے کے حوالے سے قرارداد پہلے ہی آئینی تقاضوں کے مطابق منظور ہو چکی، اب وقت آ گیا ہے کہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور ملکی نظام کی تبدیلی کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے یاد دلایا کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں نیا صوبہ ہزارہ بنانے کے حوالے سے قرارداد پہلے ہی منظور کی جا چکی ہے، جسے سہیل آفریدی کے وزیر نے پیش کیا تھا جن کا تعلق ہزارہ ہی سے تھا، اس وقت کسی نے یہ اعتراض کیوں نہیں کیا کہ یہ اقدام عمران خان کی اجازت کے بغیر کیوں اٹھایا گیا؟ جب ذاتی مفادات کا معاملہ ہو تو سب خاموشی اختیار کرلیتے ہیں، لیکن اب جب حقیقی مسائل پر بات کی جا رہی ہے تو بعض حلقوں کو اعتراضات ہو رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کا مؤقف آج بھی بالکل واضح ہے کہ وہ ذاتی مفادات کی بجائے عمران خان کی عدالتوں کے ذریعے قانونی اور سیاسی رہائی کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے، ملک کے فرسودہ نظام کو تبدیل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے کیونکہ اب پرانا پاکستان مزید آگے نہیں بڑھ سکتا، اور ملک کو ایک نئے اور عادلانہ نظام کی ضرورت ہے، عمران خان اس وقت ایک سیاسی اسیر کی حیثیت سے پابندِ سلاسل ہیں، پارٹی کارکنان انہیں آئینی اور سیاسی طریقوں سے ہی قانونی جنگ لڑ کر رہا کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب تمام سیاسی مباحث کا محور صرف اور صرف عمران خان، ان کی اہلیہ اور ان کے اہل خانہ کے گرد گھومے گا تاکہ انہیں درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے، بانی پی ٹی آئی نے قوم اور پارٹی کے لیے جتنا کچھ ممکن تھا، وہ سب کچھ کیا، اب وقت آ گیا ہے کہ کارکنان اپنی باری نبھائیں اور اپنے قائد کی رہائی اور فلاح کے لیے بھرپور جدوجہد کریں، اپنے قائد کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور تحریک کو اس کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert