امریکہ نے جنگ جاری رکھنے کا انتخاب کیا تو ایران کی شدید عسکری کارروائیوں کا سامنا کرے گا، عباس عراقچی
اگر امریکہ اور اس کے اتحادی تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے سمیت خطے کے امن کے بنیادی مطالبات پورے کرتے ہیں تو اس کے مثبت اور پرامن نتائج سامنے آئیں گے؛ ایرانی وزیر خارجہ کا بیان

تہران(قدرت روزنامہ)ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج اور وائٹ ہاؤس کی پالیسیوں پر انتہائی سخت اور دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن کو خطے میں جنگ اور امن کے درمیان فوری طور پر واضح فیصلہ کرنا ہوگا، اگر امریکہ نے تصادم کا راستہ چنا تو خطے کی باصلاحیت اور جنگ آزما افواج بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ امریکی ووٹرز نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس بھی ہوش کے ناخن لیتے ہوئے اپنا آزادانہ اور درست فیصلہ کرے، ایران کی جانب سے پیش کیا گیا دو روزہ سفارتی و امن تجویز تاحال میز پر موجود ہے اور اپنی جگہ قائم ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ اگر امریکہ اور اس کے اتحادی تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے سمیت خطے کے امن کے بنیادی مطالبات پورے کرتے ہیں تو اس کے مثبت اور پرامن نتائج سامنے آئیں گے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں خبردار بھی کیا کہ اگر واشنگٹن نے جنگ جاری رکھنے کا انتخاب کیا تو انہیں ایران کے الرٹ اور جنگ آزما جنگجوؤں کی شدید عسکری کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سید عباس عراقچی نے امریکی صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حقیقت کو تو واضح طور پر تسلیم کرتے ہیں کہ امریکہ کی اکثریت اسرائیل کی پالیسیوں سے بیزار ہو چکی ہے، لیکن اس کے باوجود وہ اس بات پر مبہم دکھائی دیتے ہیں کہ عوام میں یہ شدید غصہ اور نفرت کیوں پائی جاتی ہے، یقینی طور پر امریکی صدر کو اپنے اندر موجود اس ابہام کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عام امریکی شہری اب اس بات سے بخوبی تنگ آ چکے ہیں کہ کس طرح اسرائیل نے امریکی انتظامیہ کو طویل اور لامتناہی جنگوں میں پھنسا رکھا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس وقت امریکی عوام اس پالیسی سے اب مکمل طور پر بیزار ہو چکے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اب خطے کے ممالک بھی اس تباہ کن صورتحال سے مزید متاثر ہونے کو تیار نہیں ہیں۔
