بھیک کی کمائی کم لانے پر چچا نے 10 سالہ بھتیجی کو آگ لگا دی، ملزم گرفتار
ملزم اپنی کم سن بھتیجی سے زبردستی بھیک منگواتا تھا اور واقعے والے روز کمائی توقع کے مطابق نہ ہونے پر طیش میں آ کر اس نے یہ ظالمانہ قدم اٹھایا؛ پولیس حکام

فیصل آباد(قدرت روزنامہ)صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ میں ایک انسانیت سوز اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں سگے چچا نے بھیک کی کمائی کم لانے پر اپنی 10 سالہ کمسن بھتیجی پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی۔
اطلاعات کے مطابق فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ کے علاقے میں سفاک چچا کی جانب سے کمسن بچی کو زندہ جلانے کا المناک واقعہ پیش آیا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اپنی 10 سالہ بھتیجی کو زبردستی بھیک مانگنے پر مجبور کرتا تھا، واقعے والے روز جب بچی توقع سے کم پیسے لے کر گھر لوٹی تو ملزم نے طیش میں آ کر اس پر پیٹرول چھڑکا اور آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں بچی کا جسم شدید طور پر جھلس گیا۔
بتایا گیا ہے کہ آگ لگنے کے باعث شدید طور پر جھلسنے والی 10 سالہ بچی کو فوري طور پر تشویشناک حالت میں نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا برن یونٹ میں علاج جاری ہے، ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کی جانب سے متاثرہ بچی کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے اور طبی ٹیمیں اس کی زندگی بچانے کے لیے تمام تر ممکنہ اور بہترین کوششیں کر رہی ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے فوری اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لیا اور کمسن بچی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے والے مرکزی ملزم عامر مشتاق کو گرفتار کرلیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو موقع سے حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کے خلاف قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم عامر مشتاق ایک عرصے سے اپنی بھتیجی کو جبری مشقت اور بھیک منگوانے کے لیے استعمال کر رہا تھا، واقعے والے روز کمائی کم ہونے پر اس نے یہ انتہائی ظالمانہ اور بیہمانہ قدم اٹھایا، پولیس حکام نے کہا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں تاکہ ملزم کو عدالت سے سخت سے سخت سزا ممکن بنائی جائے۔
