مریم نواز کو ایجنسیوں کی جانب سے پبلک میں جانے سے منع کیا گیا، عظمیٰ بخاری

مشکوک اور حساس قسم کے تھریٹ تھے لیکن وہ بولڈ اقدامات لینے کی عادی ہے اور اس قسم کی باتوں سے پیچھے نہیں ہٹتی، سازشیں کرنے والے سازشیں کرتے رہیں گے؛ صوبائی وزیر اطلاعات کی گفتگو


لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوامی پذیرائی سے خوفزدہ عناصر اور سازشی ٹولوں کے باوجود عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، بعض عناصر اور سسٹم میں موجود کچھ لوگ مریم نواز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو اپنے لیے خطرہ سمجھتے ہیں لیکن وہ دباؤ میں آنے والی نہیں ہیں۔
اینکرپرسن شہزاد اقبال کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے اٹک کے دورے کے موقع پر مشکوک اور انتہائی حساس نوعیت کے تھریٹس موجود تھے، اسی بنا پر مریم نواز کو عوامی اجتماعات میں جانے سے منع کیا گیا تھا، تاہم مریم نواز ہمیشہ سے جرأت مندانہ اور بولڈ اقدامات لینے کی عادی ہیں اور وہ اس قسم کے ڈرانے دھمکانے والے حربوں سے کبھی پیچھے نہیں ہٹتی ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ سازشیں کرنے والے سازشیں کرتے رہیں گے جبکہ خدمت کرنے والوں کے قافلے مسلسل چلتے رہیں گے، کچھ ایسی سیاسی جماعتیں ہیں جنہیں ٹانگہ پارٹی قرار دیا جاتا ہے اور کچھ ایسے کردار بھی سسٹم کے اندر موجود ہیں جو مریم نواز کی کارکردگی اور سیاسی قدامت کو اپنے لیے خطرہ سمجھتے ہیں، ان تمام عناصر اور ان کے مذموم خیالات کا حکومتی مشینری کو بخوبی علم ہے، اس کے باوجود حکومت پنجاب عوامی خدمت کے ایجنڈے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔
چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب حکومت پر لگائے جانے والے کرپشن کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بغیر کسی ثبوت کے پنجاب میں کرپشن کی الماریاں بھرنے جیسے بے بنیاد الزامات ہرگز قابلِ برداشت نہیں ہیں، بعض اوقات انتظامی نوعیت کے فیصلے متعلقہ محکمے خود کرتے ہیں لیکن اس پر تنقید بلاوجہ وزیراعلیٰ مریم نواز پر کی جاتی ہے حالانکہ ان فیصلوں میں ان کا کوئی ذاتی عمل دخل نہیں ہوتا، مریم نواز نے اس قسم کے معاملات پر کئی بار سختی سے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔
نئے صوبوں کے قیام جیسے حساس اور دیرینہ سیاسی معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست یا ریاست میں کوئی بھی چیز حرفِ آخر نہیں ہوتی، حالات اور وقت کے تقاضوں کے مطابق ملک اور عوام کے مفاد میں فیصلے کرنے پڑتے ہیں، جو پالیسیاں تیس یا چالیس سال پرانی تھیں، ضروری نہیں کہ آج کے دور میں بھی ہو بہو ویسی ہی لاگو کی جائیں، مسلم لیگ ن کی قیادت تمام تر متعلقہ پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر عوام کے مفاد میں جو بھی متفقہ فیصلہ کرے گی، اس پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
صوبے میں بدعنوانی کے خاتمے کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا واحد صوبہ ہے جو کرپشن کے خلاف محض دعوے نہیں بلکہ عملی اور سخت کارروائیاں کر رہا ہے، اینٹی کرپشن پنجاب ایک مکمل طور پر شفاف ادارے کے طور پر متحرک ہے، جبکہ تمام محکمے داخلی احتساب کے نظام کے تحت بدعنوان عناصر کے خلاف سخت محکمانہ کارروائیاں عمل میں لا رہے ہیں، پولیس، پیرا فورس اور دیگر اداروں میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر باڈی کیمز کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے، دفاتر میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور تمام ڈیجیٹل شواہد محفوظ کیے جا رہے ہیں تاکہ بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑا جائے۔

WhatsApp
Get Alert