آن لائن گیمنگ کے ذریعے کم عمر بچے کو نشانہ بنانے اور بلیک میل کرنے کا انکشاف، این سی سی آئی اے کی تحقیقات شروع

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)آن لائن گیمنگ کے ذریعے ایک کم عمر بچے کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے اور بلیک میل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد بچوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ہراساں اور استحصال کا نشانہ بنانے کے واقعات پر تشویش بڑھ گئی ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی نے بچے کے استحصال اور بلیک میلنگ میں مبینہ طور پر ملوث ملزم کے خلاف کارروائی کی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون بھی برآمد کیا گیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق مشتاق خان کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر معاملے کی انکوائری شروع کی گئی تھی۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم مبینہ طور پر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد تیار کرنے، اپنے قبضے میں رکھنے اور اسے پھیلانے کے علاوہ ایک کم عمر بچے کو بلیک میل کرنے میں بھی ملوث تھا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ملزم کے خلاف عائد الزامات کی تصدیق کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
