اسلام آباد ہائیکورٹ کا سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی عمران خان و بشریٰ بی بی سے ملاقات کرانے کا حکم
ان کا علاج مستقل بنیادوں پر جاری ہے، رواں سال 18 اپریل کو مکمل طبی علاج کیا جا چکا، 8 نومبر کو بشریٰ بی بی کا میڈیکل بورڈ ان کا معائنہ کرنے کیلئے جیل گیا تھا؛ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کا مؤقف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ان کے وکلاء سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی ایک گھنٹہ ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔
اطلاعات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت ہوئی، جس دوران بشریٰ بی بی کی طبی رپورٹس اور ان کی صحت سے متعلق دائر درخواست پر بھی بحث کی گئی، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے اس اہم کیس کی سماعت کی، اس موقع پر وکیل صفائی بیرسٹر سلمان صفدر عدالت کے روبرو پیش ہوئے، نیب کی جانب سے پراسکیوٹر رافع مقصود اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بھی عدالتی کارروائی میں حصہ لیا۔
سماعت کے آغاز پر ہی وکیل صفائی بیرسٹر سلمان صفدر نے بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ان کی آنکھوں کی حالت بہت زیادہ خراب ہے اور یہ ممکن نہیں کہ وہ اپیلوں پر دلائل دیتے رہیں اور ان کی کلائنٹ کی بینائی کو خطرہ لاحق ہو جائے، عدالت اگر ضمانت منظور نہیں کرتی تو کم از کم علاج کے معالجے کے لیے 6 ہفتے کی ضمانت دی جائے۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان نے انہیں بتایا ہے کہ ان کا بلڈ پریشر مسلسل 190 سے اوپر جا رہا ہے جس کی وجہ سے برین ہیمرج کا شدید خطرہ موجود ہے، انہوں نے مؤقف اپنایا کہ اڈیالہ جیل سے مکمل میڈیکل رپورٹس منگوائی جائیں کیونکہ سرجری کے فوری بعد ایک خاتون کو دوبارہ سیل میں بند کر دینا سراسر غیر انسانی اور نامناسب ہے۔
عدالت میں جواب دیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا کہ ان کا علاج مستقل بنیادوں پر جاری ہے اور رواں سال 18 اپریل کو ان کا مکمل طبی علاج کیا جا چکا ہے، 8 نومبر کو بشریٰ بی بی کا میڈیکل بورڈ ان کا معائنہ کرنے کے لیے جیل گیا تھا، اور اس حوالے سے سپریم کورٹ کی جانب سے 18 اگست کو پاس کردہ آرڈر کے مطابق تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں، عدالت نے اس موقع پر ریمارکس دیئے کہ صحت اور ملاقاتوں سے متعلق معاملات پہلے ہی سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت میں زیرِ التوا ہیں۔
کیس کی سماعت کے دوران نیب پراسکیوٹر رافع مقصود نے عدالت کو بتایا کہ مل ملزمان کی جانب سے ہمیشہ یہ الزام لگایا جاتا تھا کہ نیب تاخیر کر رہا ہے اور وہ خود ہر وقت تیار ہیں، لیکن اب دفاعی فریق خود مقدمے کی تیاری اور پیپر بکس کے لیے وقت مانگ رہا ہے، اس بات پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے بیرسٹر سلمان صفدر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اب کہہ دیا ہے کہ یہ کوئی اہم کیس نہیں بلکہ عمومی نوعیت کا کیس ہے اور اس کا کوئی سرخاب کا پر نہیں لگا ہوا، لہذا اسے عام کیس کی طرح ہی چلایا جائے گا۔
عدالتی کارروائی کے دوران سردار لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت دی کہ سردار لطیف کھوسہ کی بانی اور بشریٰ بی بی سے ایک گھنٹے کی ملاقات کا باقاعدہ انتظام کیا جائے، ایڈووکیٹ جنرل نے جیل میں ملاقات کرانے کی یقین دہانی کروائی، جس کے بعد عدالت نے حکم دیا کہ لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی مؤکلین سے ملاقات کروائی جائے تاکہ قانونی امور پر مشاورت مکمل کی جاسکے، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت 10 دن کے لیے ملتوی کردی۔
