لیگل نوٹس “بچگانہ “کرپشن کے بیان پر قائم ہوں ، پنجاب میں بدعنوانیوں کی لمبی فہرست ہے. چوہدری سالک حسین

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ کرپشن کے بیان پرقائم ہوں ، پنجاب میں بے ضابطگیوں اوربدعنوانیوں کی لمبی فہرست ہے،کل تک جو نوازشریف کو را کا ایجنٹ کہتی تھیں آج وہی ترجمان بنی بیٹھی ہیں. ایک انٹرویو میں مسلم لیگ( ق) کے رہنما نے پنجاب حکومت کے طرزِ حکمرانی، کرپشن اور لیگل نوٹس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بے ضابطگیوں اوربدعنوانیوں کی لمبی فہرست ہے،کرپش ایک پہلو ہے، بدانتظامی اور بدعنوانیوں کا جو عالم ہے سوچ بھی نہیں سکتے.
چوہدری سالک حسین نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھیجے گئے لیگل نوٹس کو “بچگانہ “قرار دیا اور کہا کہ کرپشن کے بیان پرقائم ہوں اور نوٹس کا بھرپور اور قانونی جواب دیں گے چوہدری سالک نے انکشاف کیا کہ پنجاب میں منصوبے شروع کئے جاتے ہیں، ابتدائی پیمنٹ(ادائیگی) جاری ہوتی ہے اور پھر منصوبے کو معطل کر دیا جاتا ہے بعد میں اسی منصوبے کو نئے نام سے دوبارہ شروع کر کے فنڈز کا ضیاع کیا جاتا ہے.
ان کا کہنا تھا کہ میں صبح سے رات تک کرپشن کی کہانیاں سنتا ہوں اور یہ سچ ہے کہ ایسی چیزیں ہو رہی ہیں، یہ کہانیاں پورا پنجاب سن رہا ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز خود اپنے اداروں میں کرپشن کا نام لیتی ہیں اور کہتی ہیں کہ 2-3 سال بعد کرپشن کے خلاف کریک ڈاﺅن کر رہے ہیں، اگر کابینہ کا رکن ہونے کے ناطے میں نشاندہی کر رہا ہوں تو مریم نواز بطور وزیراعلی کیوں نشاندہی کر رہی ہیں؟ کیا تاریخ میں کسی ایگزیکٹو نے یوں ہتکِ عزت کا نوٹس بھیجا ہے؟ مریم نواز کو اپنے آپ کو بھی نوٹس بھیجنا چاہیے.
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اس معاملے پر بہتر انداز میں بات کرسکتی تھیں، لیکن جس انداز میں انہوں نے بات کی وہ مناسب نہیں تھا یہ کوئی جھگڑا نہیں تھا بلکہ مریم نواز نے اسے جھگڑا بنا دیا ہے. وفاقی وزیر نے کہا کہ لیگل نوٹس کا جواب بھرپور انداز میں دیا جائے گا، چاہتے ہیں کہ نوٹس کے جواب میں یہ بھی بتایا جائے کہ انہوں نے یہ باتیں کیوں کی تھیں انہوں نے محسن نقوی سے متعلق کہا کہ اس معاملے سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں جہاز کے معاملے پر بھی متضاد بیانات سامنے آئے ہیں، جن میں 9 ارب سے بات شروع ہوکر 10، 11 اور پھر 12 ارب تک پہنچی.
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ وہ فنڈز اپنے لیے نہیں مانگ رہے، جبکہ 2023 میں خاندان کے اندر اختلافات بھی اصولی موقف کی بنیاد پر ہوئے تھے انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے نواز شریف کو زبان دے رکھی تھی، اسی لیے انہوں نے پرویز الہی کو وزیراعلی بنانے کے معاملے پر اپنا موقف برقرار رکھا. چوہدری سالک نے وضاحت کی کہ 2023 میں ہمارے خاندان میں جو اختلاف ہوا وہ اصولی بنیادوں پر تھا چوہدری شجاعت حسین نے جو وعدہ اور زبان ن لیگ کو دی تھی، اس پر قائم رہے پرویز الہی آخری وقت میں پی ٹی آئی میں گئے، جبکہ چوہدری شجاعت نے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا.
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسی ن لیگ مخالف گروپ سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی انہیں اس کا علم ہے اس کے علاوہ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے اس بیان سے محسن نقوی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے . صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے حیرت ہوتی ہے کہ وزیراعلی نے اپنے ایڈوائزر کیسے رکھے ہوئے ہیں عظمی بخاری کا سیاسی بیک گراﺅنڈ کیا ہے؟چوہدری سالک کا کہنا تھا کہ یہ وہی ہیں جو پنجاب اسمبلی کے باہر کھڑے ہو کر نواز شریف پر را کی زبان بولنے کے الزامات لگاتی تھیں اور اتفاق و حدیبیہ کیسز کھولنے کی باتیں کرتی تھیں اور آج وہ انہی کی ترجمان بنی ہوئی ہیں انہوں نے کہاکہ الحمدللہ ہم سرکاری تھالیوں میں نہیں کھاتے اور نہ کھائیں گے، یہ آپ کو ہی مبارک ہو.
