اسلام آباد اور ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ برفباری کی پیشگوئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ 10 نومبر کی شام ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہوا، جو 12 نومبر کو مزید شدت اختیار کرسکتا ہے اور بالائی علاقوں میں 14 نومبر کی صبح تک وقفے وقفے سے برقرار رہنے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری
اس دوران خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 10 سے 14 نومبر کی صبح تک وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان شامل ہیں۔

بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

اسلام آباد، پنجاب اور پوٹھوہار میں بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پوٹھوہار کے علاقے، میانوالی، خوشاب، بھکر، سرگودھا اور مری میں آج رات ہلکی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

12 نومبر کو ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری
آزاد کشمیر کی وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور سمیت گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں 10 سے 14 نومبر کی دوپہر تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

بلوچستان اور سندھ کی صورتحال
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم 11 نومبر کی رات اور 12 نومبر کو ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، کوئٹہ، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات اور خضدار میں کہیں کہیں بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے بعد میدانی علاقوں میں مختلف مقامات پر دھند چھا سکتی ہے، جبکہ پیشگوئی کی مدت کے دوران دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔ بلند پہاڑی علاقوں اور گلیشیئرز پر ہلکی برفباری بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کسانوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر فصلوں سے متعلق سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوکس رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

WhatsApp
Get Alert