موصوف چوہدری کم اور تھڑے باز گفتگو زیادہ کرنا شروع ہوگئے، عظمیٰ بخاری کی سالک حسین پر تنقید
سالک حسین کی گفتگو سے لگ رہا وہ اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں، ٹی وی پر بھاشن مت دیں، استعفے دے کر گھرجائیں، اپوزیشن میں بیٹھیں، آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا؛ وزیراطلاعات پنجاب کا بیان

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے حالیہ بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سالک حسین کی گفتگو سے محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں، چوہدری خاندان کو پہلے امتحان میں مونس الٰہی نے ڈالا اور اب دوسرے امتحان میں سالک حسین نے ڈال دیا۔
اس حوالے سے اپنے جاری کردہ اپنے بیان میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ چوہدریوں کی وضع دار اور رکھ رکھاؤ والی روایتی سیاست کو ان دو نالائق بچوں نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، جس شریف خاندان نے انہیں عزت دی اور چوہدری بنایا، انہی کو دھوکہ دینا اور ان کے خلاف بات کرنا ان کی سیاسی تاریخ بن چکا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے وفاقی وزیر کے اندازِ گفتگو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موصوف چوہدری کم اور تھڑے باز گفتگو زیادہ کرنا شروع ہو گئے ہیں، جو لوگ گفتگو میں خواتین کی تضحیک کریں، وہ کسی طور پر بھی وضع دار نہیں ہو سکتے، چوہدری سالک حسین ایک ہفتے کا وقت گزرنے کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کا جواب نہیں دے سکے، اگر ان میں جواب دینے کی ہمت نہیں ہے تو انہیں فوری طور پر اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے کر گھر چلے جانا چاہیئے۔
صوبائی وزیر نے حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کی سیاست کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو یہ کرپشن کا راگ الاپتے ہیں اور دوسری طرف حکومت سے فنڈز کا بھی تقاضا کرتے ہیں، سمجھ سے بالاتر ہے کہ وہ یہ دوغلی سیاست کیسے کرلیتے ہیں؟ مریم نواز شریف نے گجرات میں جتنے ترقیاتی کام کروا دیئے ہیں، وہ چوہدری خاندان کی آنے والی تین نسلیں بھی نہیں کرسکتیں۔
عظمیٰ بخاری نے چوہدری خاندان کی 50 سالہ سیاست کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے گجرات کے عوام کو ان کا وہ بنیادی حق اور ترقی دی ہے جو 50 سال میں چوہدری ظہور الٰہی، چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی بھی نہیں دے سکے۔
اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو مشورہ دیا کہ وہ ٹی وی اسکرینوں پر بیٹھ کر محض بھاشن دینا بند کریں، اگر انہیں حکومت اور انتظامیہ سے اتنی ہی شکایت ہے تو وہ استعفیٰ دیں اور اپوزیشن کے بینچوں پر جا کر بیٹھیں، تبھی انہیں آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو سکے گا۔
