کوئی تو ہے جو ن لیگ اور ق لیگ کی لڑائی انجوائے کر رہا ہے، مزمل سہروردی کا تجزیہ

دونوں نے پرانی تنخواہ پر ہی کام کرنا ہے، مریم نواز کی زیادہ بے بسی نظر آتی ہے، کرپشن کے الزامات بھی لگائے جا رہے ہیں، وہ چوہدری شافع کو وزارت سے فارغ بھی نہیں کرسکتیں؛ تجزیہ کار کی گفتگو


لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کے مابین جاری لفظی جنگ اور بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی پر تجزیہ نگار مزمل سہروردی کہتے ہیں کہ ن لیگ اور ق لیگ ایک ایسے سیاسی گنجھل میں پھنس چکے ہیں جہاں دونوں ایک دوسرے کو برداشت بھی نہیں کر پا رہے اور ایک دوسرے سے اپنی جان بھی نہیں چھڑا پا رہے۔
مزمل سہروردی نے موجودہ سیاسی صورتحال کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی تو ہے جو نظامِ ہستی چلا رہا ہے، جو مسلم لیگ ن اور ق لیگ کے درمیان جاری اس لڑائی کو نہ صرف خاموشی سے دیکھ کر انجوائے کر رہا ہے بلکہ اس نے دونوں فریقین پر یہ واضح کر رکھا ہے کہ آپ دونوں نے ہر صورت پرانی تنخواہ پر ہی کام کرنا ہے، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کو تنقید اور بیانات دینے کی کھلی اجازت ہے، تاہم یہ ایک ایسی منفرد سیاسی شادی ہے جس میں دونوں فریق ویڈ لاک کے بندھن میں یوں جکڑے ہوئے ہیں کہ چاہ کر بھی الگ نہیں ہو سکتے۔


تجزیہ نگار نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مؤقف کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس پورے معاملے میں مریم نواز کی بے بسی زیادہ نمایاں نظر آتی ہے، ایک طرف تو ان پر اور ان کی صوبائی حکومت پر کرپشن کے سنگین الزامات لگائے جا رہے ہیں اور وہ ق لیگ کی قیادت کو استعفے دینے کا طعنہ دے رہی ہیں، لیکن دوسری جانب وہ چوہدری شافع حسین کو پنجاب کابینہ کی وزارت سے فارغ کرنے کی پوزیشن میں نہیں، اگر مریم نواز یہ مطالبہ کرتی ہیں کہ وزارتیں چھوڑ دیں تو یہ سوال ان سے بھی پوچھا جا سکتا ہے کہ آخر کون سی نادیدہ طاقت ہے جو انہیں ق لیگ کے وزیر کو کابینہ سے نکالنے سے روک رہی ہے؟۔
وفاقی سطح پر بات کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے وزیراعظم شہباز شریف کے حکمتِ عملی کو سراہا، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف انتہائی سمجھدار اور تجربہ کار سیاست دان ہیں جو بلاوجہ کی لڑائیوں اور بیان بازی کے کھیل میں نہیں پڑتے، جس طرح انہوں نے ماضی میں بلاول بھٹو زرداری یا مولانا فضل الرحمان کے تند و تیز بیانات کا جواب نہیں دیا، اسی طرح وہ چوہدری سالک حسین کے معاملے میں بھی خاموش ہیں، شہباز شریف اچھی طرح جانتے ہیں کہ جب سب نے حتمی طور پر ایک ہی دائرے میں رہ کر کام کرنا ہے تو بلاوجہ چڑچڑا پن اور سیاسی محاذ آرائی پیدا کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
مرکزی حکومت کے استحکام پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وفاق میں ق لیگ کے ووٹوں کی اہمیت مسلم لیگ ن کے لیے انتہائی زیادہ ہے، وفاق میں ن لیگ کے پاس اپنے بل بوتے پر سادہ اکثریت حاصل نہیں اور وہ اپنی حکومت برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر پیپلز پارٹی اور ق لیگ جیسے اتحادیوں کی مرہونِ منت ہے، اگر بالفرض آصف علی زرداری اب وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ دیں تو ن لیگ کو حکومت بچانے کے لیے اپوزیشن میں فارورڈ بلاک بنانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہے گا اس لیے وفاق میں ایک ایک ووٹ کی بے حد اہمیت ہے۔
مزمل سہروردی نے نشاندہی کی کہ وفاق کے برعکس پنجاب میں مریم نواز کے پاس دو تہائی کی بھاری اکثریت موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ق لیگ کی عددی طاقت کی زیادہ پروا نہیں کر رہیں، پنجاب حکومت کو ق لیگ کے آنے یا جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن ان کے اس سخت رویے سے ایسا تاثر ملتا ہے کہ مریم نواز کو اس بات کا احساس یا پروا نہیں ہے کہ ق لیگ کے ساتھ اس محاذ آرائی اور کشیدگی کے نتیجے میں اسلام آباد میں ن لیگ کی مرکزی حکومت کمزور اور بحران کا شکار ہو سکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert