عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ ہی ہونا چاہیئے ورنہ وہ طاقتور کی غلام بن جائے گی، جسٹس جمال مندوخیل

ایگزیکٹو سے الگ عدلیہ ہی ریاستی اداروں سے جواب طلبی کرسکتی ہے، صرف آزاد عدلیہ ہی شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کر سکتی ہے؛ سپریم کورٹ کے جج کا الوداعی ریفرنس سے خطاب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس جمال خان مندوخیل آج اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں، جن کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عدلیہ کی آزادی، آئین کی بالادستی، پارلیمان کے آئینی اختیارات اور انتظامیہ کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
الوداعی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ عدلیہ کو انتظامیہ یعنی ایگزیکٹو سے مکمل طور پر الگ ہی ہونا چاہیے، ورنہ وہ وقت کے طاقتور طبقے کی خواہشات اور مفادات کی غلام بن کر رہ جائے گی، ایگزیکٹو سے بالکل آزاد اور خودمختار عدلیہ ہی واحد وہ ادارہ ہے، جو تمام ریاستی اداروں سے بلاخوف و خطر جواب طلبی کر سکتی ہے اور انہیں آئین و قانون کے دائرے میں رہنے پر مجبور کر سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک کی حقیقی ترقی اور استحکام کے لیے آئین کی بالادستی اور اخلاقی اقدار کی بحالی ناگزیر ہے، صرف ایک آزاد اور خود مختار عدلیہ ہی تمام شہریوں کے بنیادی اور آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنا سکتی ہے، اگر عدلیہ عوام کو بروقت اور بلا تفریق انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہو جائے تو شہری انصاف کے حصول کیلئے خود غیرقانونی طریقے اختیار کرسکتے ہیں، جس کے نتیجے میں معاشرے میں انارکی، انتشار اور شدید بدامنی جنم لے سکتی ہے۔
عدالتی آزادی کے حوالے سے پارلیمان کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمان قانون سازی کے سب سے اعلیٰ ادارے کی حیثیت سے عوام کی مکمل نمائندگی کرتی ہے اور آئین پارلیمان کو آئینی ترامیم کا پورا اختیار دیتا ہے، پارلیمنٹ ترمیم ضرور کرسکتی ہے لیکن یہ صرف اسی صورت ممکن اور مقبول ہے جب آئین کی بنیادی خصوصیات، بالخصوص عدلیہ کی آزادی کو برقرار رکھا جائے، پارلیمان کو یہ حقیقت پیشِ نظر رکھنی چاہیے کہ وہ اپنی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی کو کسی صورت نقصان نہ پہنچائے۔
سپریم کورٹ کے سبکدوش ہونے والے جج نے واضح کیا کہ عدلیہ کی آزادی کو قائم رکھنا صرف ججوں کا کام نہیں بلکہ پارلیمنٹ، عدلیہ اور انتظامیہ تینوں پر اس آزادی کو برقرار رکھنے کی برابر اور مشترکہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے، جج کا کام آسان نہیں بلکہ یہ ایک انتہائی نازک اور بھاری ذمہ داری ہے، ایک جج کا حلف ہر فیصلہ لکھتے اور سناتے ہوئے اسے اندر سے جھنجھوڑتا ہے کہ اس نے محض خواہشات کے بجائے آئین، قانون اور شواہد کی بنیاد پر فیصلے کرنے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert