عمران خان انتہائی تندرست شخصیت ہیں، ان کا بلڈ پریشر192 کی سطح پر ہونا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، سلمان اکرم راجہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ عمران خان انتہائی تندرست شخصیت ہیں، ان کا بلڈ پریشر192 کی سطح پر ہونا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، مصر میں مورسی کے ساتھ کیا ہوا؟ ہم جانتے ہیں یہ تمام پس منظر ہمارے سامنے ہے۔
انہوں نے اڈیالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی تشویش کی بات ہے ہمارے پاس آخری خبر (عمران خان صاحب کی صحت کے حوالے سے) سلمان صفدر لے کر آئے ان کی ملاقات پیر کے روز ہوئی تھی 192 بلڈپریشر کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
خان صاحب انتہائی تندرست شخصیت ہیں۔ یکایک ان کے بلڈپریشر میں اتار چڑھاؤ باعث تشویش ہے،خان صاحب نے خود تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
مصر میں مورسی کے ساتھ کیا ہوا؟ ہم جانتے ہیں یہ تمام پس منظر ہمارے سامنے ہے اسی لیے ہم نے پاکستانی قوم کو مطلع کیا ہے کہ اگر خان کی صحت کے ساتھ کوئی کھلواڑ ہورہا ہے وہ ہمیں قابل قبول نہیں اس قوم کو قابل قبول نہیں ہے۔
اس لیے ہم نے عدالت کے سامنے سارے واقعات رکھے، ہم عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہیں گے ہم پوری پاکستانی قوم سے اپیل کرچکے ہیں کہ عمران خان کی صحت کیلئے آواز بلند کریں۔ عمران خان کے ساتھ جتنی بھی ملاقاتیں ہورہی ہیں خوش آئند ہے۔
واضح رہے تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو رات گئے سخت سکیورٹی کے حصار میں سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا جہاں ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا اور آنکھوں کا علاج فراہم کیا گیا۔
پمز کی سرکاری پریس ریلیز اور دیگر اطلاعات کے مطابق عمران خان کو 10 اور 11 نومبر 2026ء کی درمیانی رات اڈیالہ جیل راولپنڈی سے پمز ہسپتال اسلام آباد لایا گیا، ان کی ہسپتال منتقلی ماہرِ امراضِ چشم کی جانب سے کی گئی سفارش اور فالو اپ علاج کی ہدایت کے تحت عمل میں لائی گئی، اس موقع پر ہسپتال اور اطراف کے راستوں پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
پمز ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ علاج معالجے کے باقاعدہ آغاز سے قبل عمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا، جس میں ان کی آنکھوں کا جامع معائنہ بھی شامل تھا، طبی رپورٹس کے مطابق معائنے کے دوران ان کے تمام وائٹل پیرامیٹرز بالکل نارمل پائے گئے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ کلینیکلی مکمل طور پر مستحکم تھے اور ان کا عمومی جسمانی معائنہ بھی تسلی بخش رہا۔

پریس ریلیز سے معلوم ہوا ہے کہ عمران خان کی باقاعدہ رضامندی حاصل کرنے کے بعد طے شدہ پروٹوکولز اور احتیاطی تدابیر اپنائی گئیں، اس کے بعد پمز ہسپتال کی ماہرینِ چشم پر مشتمل ٹیم نے عمران خان کو آنکھ کے علاج کے لیے انٹرا ویٹریئل اینٹی وی ای جی ایف انجکشن لگایا، ہسپتال میں قیام اور اس طریقہ علاج کے دوران ان کی حالت مکمل طور پر مستحکم اور تسلی بخش رہی۔
بتایا جارہا ہے کہ پمز ہسپتال میں علاج معالجے کا عمل اور مانیٹرنگ مکمل ہونے کے بعد رات تقریباً 2 بج کر 30 منٹ پر انہیں ڈسچارج کردیا گیا، ہسپتال سے رخصتی کے وقت ڈاکٹرز کی جانب سے عمران خان کو مزید دیکھ بھال اور مستقبل کے فالو اپ سے متعلق ضروری طبی ہدایات اور ادویات تجویز کی گئیں، جس کے بعد انہیں دوبارہ سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل اتوار 8 نومبر کو بھی اڈیالہ جیل میں عمران خان کا طبی معائنہ کیا گیا تھا، تازہ ترین پریس ریلیز میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ علاج کے پورے عمل سے قبل، اس کے دوران اور بعد میں ان کی طبی حالت مستحکم رہی اور انہیں مکمل مانیٹرنگ کے ساتھ جیل واپس پہنچا دیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert